لاہور( صباح نیوز ) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیرالعظیم اور امیر جماعت اسلامی لاہور جنوبی اظہر بلال نے لاہور میں مختلف مقامات پر فلسطین سے اظہار یکجہتی اور اسرائیلی مظالم کے خلاف نکالی گئی ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ اسرائیلی مظالم حد سے بڑھ چکے ہیں۔ اسرائیل دنیا کا سب سے بڑا دہشت گردہے جو جنگی قوانین کی بھی پاسداری کرنے کو تیار نہیں۔اس کے حملوں سے نہ ہسپتال محفوظ ہیںنہ سکول،نہ بچے نہ بوڑھے اور نہ ہی عورتیں۔ امریکہ پوری طرح سے اس کی پشت پناہی کررہا ہے۔ہمارا حکومت سے مطالبہ ہے کہ فلسطین پر اسلامی ممالک کی سربراہی کانفرنس بلائی جائے ۔
دنیا اس وقت عالمی جنگ کے دہانے پر ہے ایران کو اس جنگ میں گھسیٹا جا رہا ہے اور لبنان پر بھی لشکر کشی کر دی گئی ہے۔ یہ سب دراصل ایک عالمی جنگ میں مسلم ممالک کو دھکیلنے کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا شیعہ سنی کی تفریق کے بغیر امت کو متحد ہونا ہوگا۔ اسرائیل کے میزائل لبنان پر شیعہ سنی کی تفریق کیے بغیر گر رہے ہیں اور یہ جنگ سب کو اپنی لپیٹ میں لے گی ،لہذا آج وقت ہے سب ملکر آگے بڑھیں اور مسلم حکمران سب کو متحد کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ ریلیوں میں سکول کے بچوں، مردو خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر فلسطین کی آزادی اور شہداء کے لئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔