لاہور(صباح نیوز)لاہور ہائی کورٹ نے سابق رکن پنجاب اسمبلی احسن ریاض فتیانہ کی بازیابی کی درخواست پر کیپٹل سٹی پولیس افسر (سی سی پی او)لاہور سے آج (منگل تک )رپورٹ طلب کر لی۔
جسٹس علی ضیا باجوہ نے احسن ریاض کی والدہ آشفا ریاض کی درخواست پر سماعت کی، اس موقع پر درخواست گزار کی جانب سے بیرسٹر میاں علی اشفاق عدالت میں پیش ہوئے۔درخواست میں وفاقی حکومت، سی سی پی او ، پنجاب حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ احسن ریاض فتیانہ کا تعلق سیاسی خاندان سے ہے، خود بھی ایم پی اے رہ چکے ہیں، احسن ریاض فتیانہ کو اغوا کر لیا گیا۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ احسن ریاض فتیانہ کو بازیاب کرانے کا حکم دیا جائے۔عدالت نے سی سی پی او لاہور سے آج (منگل تک ) رپورٹ طلب کر لی ۔