کورکمانڈرز کانفرنس،سرحدی و داخلی سلامتی سمیت مجموعی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا


راولپنڈی(صباح نیوز)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت جی ایچ کیو میں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی، جس میں سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آرمی چیف نے انسداد دہشت گردی آپریشنز کی کامیابیوں کوسراہا اورشہید افسران وجوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا،چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ افرادکے لئے جاری امدادی کارروائیوں میں فارمیشنز کی ریلیف کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی،249 ویں کور کمانڈرز کانفرنس میں ملکی سرحدوں، داخلی، مجموعی سکیورٹی صورتحال پر غور کیا گیا۔

اعلامیہ کے مطابق  جنرل قمر جاوید باجوہ نے انسدادِ دہشتگردی آپریشن میں کامیابیوں کو سراہا اورسرحدوں کے دفاع اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے جانیں قربان کرنیوالے افسروں اور جوانوں کو خراج عقید ت پیش کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے بارش اور سیلابی صورتحال میں فارمیشنز کے ریلیف آپریشن کی تعریف کی جبکہ شرکا نے بحالی، ریسکیو کے عمل میں سول انتظامیہ کی بھرپور مدد کے عزم کا اعادہ کیا۔