وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز ، گورنر پنجاب اور ڈپٹی سپیکر کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر


لاہور(صباح نیوز) تحریک انصاف نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز ، گورنر پنجاب اور ڈپٹی سپیکر کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کردی

تحریک انصاف کے رہنما میاں اسلم اقبال نے سپریم کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کی۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کا الیکشن عدالتی حکم کی روشنی میں نہیں کرایا گیا۔

ڈپٹی سپیکر نے سپریم کورٹ کا حکم نہ مان کر توہین عدالت کی ہے۔یہ بھی موقف اختیار کیا گیا کہ گورنر نے حمزہ شہباز سے حلف لیا اور سپریم کورٹ کے حکم کی خلاف ورزی کی جبکہ حمزہ شہباز نے بھی عدالتی حکم کی روشنی میں الیکشن نہیں لڑا۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ سپریم کورٹ حمزہ شہباز ، گورنر پنجاب اور ڈپٹی سپیکر دوست محمد مزاری کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کرے۔