حکمران اتحاد نے فل کورٹ کی تشکیل کیلئے سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کر دی


لاہور(صباح نیوز) وزیراعلی پنجاب کے انتخاب کے معاملے پر حکومتی اتحاد نے فل کورٹ کی تشکیل کیلئے سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کر دی۔حکمران اتحاد کی جانب سے فل کورٹ بنانے کی درخواست حمزہ شہباز نے دائر کی، انہوں نے درخواست میں آرٹیکل 63اے کی نظر ثانی کی درخواستوں کی بھی ساتھ سماعت کی استدعا کی ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ منحرف ارکان کے الیکشن کمیشن فیصلے کے خلاف اپیلیں زیر التوا ہیں، ڈپٹی سپیکر دوست محمد مزاری کی 22جولائی کو دی گئی رولنگ درست ہے،الیکشن کمیشن نے منحرف ارکان کے خلاف عمران خان کی جانب سے جاری کی گئی ہدایات کو تسلیم کیا، سپریم کورٹ نے منحرف ارکان کی اپیلیں منظور کیں تو صورتحال یکسر تبدیل ہوجائے گی اور 25منحرف ارکان کے نکالے گئے ووٹ بھی گنتی میں شمار ہونگے۔

حمزہ شہباز کی درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے منحرف ارکان کے خلاف عمران خان کی ہدایات کے خط کو درست قرار دیا۔ چوہدری شجاعت حسین کا اپنے ایم پی ایز کو لکھا گیا خط بھی آئین اور قانون کے مطابق درست ہے۔