لاہور(صباح نیوز) سپریم کورٹ نے ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی کی رولنگ کیخلاف درخواست کی ابتدائی سماعت کا تحریری حکم جاری کردیا ۔
ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی کی رولنگ کے خلاف پرویز الٰہی کی درخواست کی سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں سماعت ہوئی ، عدالت نے پرویز الٰہی کی درخواست پر ابتدائی سماعت کا تحریری حکم جاری کر دیا۔تحریری حکم میں کہا گیا کہ معاملہ تشریح کا نہیں بلکہ صحیح انداز میں سمجھنے کا ہے، ڈپٹی سپیکر، حمزہ شہباز، چیف سیکرٹری سے اہم معاونت کی توقع ہے۔
تحریری حکم میں بتایا گیا ہے کہ ڈپٹی سپیکر کیس کی سماعت کے دوران موجود رہیں گے، ڈپٹی سپیکر کی آبزرویشن سے ظاہر ہوتا ہے کہ سپریم کورٹ کے 17 مئی کے فیصلے پر انحصار کیا گیا۔ عدالتی تحریری حکم میں کہا گیا کہ ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ سے یہ نہیں پتہ چلتا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے کس حصے پر انحصار کیا گیا،
سپریم کورٹ کے فیصلے کے تحت پارلیمانی پارٹی ہی اراکان کو ہدایات جاری کر سکتی ہے۔درخواست گزار کے مطابق دوسری جانب ڈپٹی سپیکر کی رولنگ کے مطابق پارٹی سربراہ ہدایت جاری کرسکتا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز حمزہ شہباز 3 ووٹوں کے فرق سے پنجاب کے وزیراعلی برقرار رہے تھے۔