ہم سیاحت کی ترویج کرنا چاہتے ہیں۔ مگر فوٹوگرافی کی اجازت نہیں ہے ۔ آپ پاکستان مونومنٹ اسلام آباد، فیصل مسجد اسلام آباد، لوک ورثہ اسلام آباد، ایوب نیشل پارک راولپنڈی، منگلا ڈیم میرپور، تربیلا ڈیم غازی، پاکستان کے تمام پل ، پاکستان کی سب موٹرویز، بادشاہی مسجد لاہور، مینار پاکستان لاہور، فوڈ سٹریٹ لاہور، بادشاہی قلعہ لاہور شیش محل، سنہری مسجد اور چھتیں، ایفل ٹاور بحریہ ٹاؤن لاہور، جامع مسجد بحریہ ٹاؤن لاہوں، بحریہ ٹاؤن راولپنڈی، لاہور، کراچی، ڈی ایچ اے سارا پاکستان ، شاہجہاں مسجد ٹھٹھہ، مکلی قبرستان ٹھٹھہ، صادق گڑھ پیلس، نور محل پیلس اور سب جگہوں پر موبائل سے تصاویر اور ویڈیو بنا سکتے ہیں لیکن ڈی ایس ایل آر اور ڈرون سے تصاویر نہیں بنا سکتے اس کی اجازت نہیں ہے، موبائل کی ٹیکنالوجی کہیں بہتر ہے ڈی ایس ایل آر کی نسبت۔ جس میں جیو ٹیگنگ بھی ہوجاتی ہے۔ مجھے ان سب سیانوں سے ملنا ہے ان کی تصاویر اتارنی ہے تاکہ سند رہے اور بوقت ضرورت کام آئے کیونکہ باقی جگہوں پر تو تصاویر بنانے کی اجازت ہی نہیں ہے توکیوں نہ ہم سب ان سیانوں کی تصاویر لگائیں جو ہمیں کچھ بھی دیکھنے اور دکھانے سے روکتے ہیں۔ میں تصاویر سے منفی پہلو اجاگر کرنے کے حق میں نہیں ہوں۔ میرا کام ہی نیگیٹو کو پازیٹو کرنا ہے تو نیگیٹو،کیسے کروں۔ ممکن ہے کچھ دوستوں نے غلطیاں کی ہوں پر سزا بھی انکو دیں۔ ہمارا کیا قصور ہے۔ آج کے دن بحریہ ٹاؤن جامع مسجد اور ایفل ٹاور بحریہ ٹاؤن جانے کا اتفاق ہوا تو پتہ چلا موبائل سے تصاویر بنا لیں ڈی ایس ایل آر کی اجازت نہیں ہے ، وہاں سے بے آبرو ہو کر نکلے تو سفاری پارک پہنچے، ٹکٹ والے سے پوچھا اپنی گاڑی جائے گی اندر شیروں پاس تو فرمانے لگے یہ فیس آپ کی اور آپ کی گاڑی کی برائے داخلہ ہے شیروں پاس ہماری گاڑی لے کر جائے گی جس کے شیشوں پر جالیاں لگی ہوئی ہیں اور اس کا ٹکٹ الگ ہوگا۔ پھر تصویر کیسے بنے گی جی اس کی اجازت نہیں ہے ۔ لاہور قلعے کا ٹکٹ الگ ہے اور پھر اندر شیش محل کا الگ لیکن آپ ڈی ایس ایل آر سے تصویر نہیں بنا سکتے۔ ہزارہ موٹروے پر باقاعدہ اجازت لیکر فوٹوگرافی کی کئی دن کئی خودساختہ افسران ملاقات کے متمنی رہے، فون آتا تھا بڑے صاحب بات کریں گے میں بھی بات نہ کرسکا کیونکہ کھانا کھا رہا تھا۔ ہر دفعہ کھانے کے وقت پر فون آتا تھا ۔ ملتان سے اسلام آباد براستہ ملتان کینٹ آنا جانا ہوتا تھا۔ کیونکہ ائیرپورٹ ملتان کینٹ میں تھا، کینٹ میں کیمرہ لے جانے کی اجازت نہیں ہے اس لیئے آپ کیمرہ کوریئر سے بھیجیں اور خود جہاز سے جائیں۔ ہر دفعہ چیک پوسٹ والوں کو جہاز کے ٹکٹ دکھاتے تھے پر وہ زبانی آڈرز کہ کینٹ میں کیمرہ لیجانے کی اجازت نہیں ہے کہہ کر کافی وقت ضائع کرتے تھے پھر بڑے بھائیوں سے درخواست کرکے جمیلہ آباد چوکی کو ائیرپورٹ گیٹ سے کچھ اگے شفٹ کروایا امید ہے قیامت کے دن میری بخشش کا ذریعہ یہ سہولت بھی کرے گی جو کہ عام عوام کیلئے کی گئی تھی جس میں اس خاکسار کا بھی حصہ تھا۔ ساری زندگی فوٹوگرافی کیلئے وقف کردی اور ساری جمع پونجی بھی فوٹوگرافی پر لگا دی اور اب فوٹوگرافی کی اجازت نہیں ہے۔ کیا ان پابندی لگانے والےجغادریوں کو پتہ ہے کہ موبائل سے زیادہ بہتر منفی امیج بن سکتا ہے۔ اگر ان افسران کو فوٹوگرافی کی اہمیت کااندازہ نہیں ہے تو ہم سےمشورہ کرلیں ۔ کہوٹہ میں تو فوٹوگرافی پر ممانعت سمجھ آتی ہے کیونکہ اس کے سارے امیج گوگل ارتھ پر مل جاتے ہیں۔ پر باقی پابندیاں سمجھ سے باہر ہیں ۔ کہ ان سب جگہوں پر کونسے ایسے پراجیکٹ ہیں جو فوٹوگرافی پر پابندی ہے۔ ان سب سمجھدار لوگوں سے درخواست ہے ہم فوٹوگرافرز کو متبادل سبجیکٹ بتائے جائیں کی کن چیزوں کی تصاویر بنائی جائیں۔ یا پھر ہم فوٹوگرافی کے بیوقوفوں سے یہ ادارے کیمرے اور باقی سامان خرید لیں۔ کیونکہ ہمیں تو کوئی جگہ فوٹوگرافی کیلئے سمجھ نہیں آتی۔ جہاں کیمرہ ڈرون نکالو فوٹوگرافی کی اجازت نہیں ہے یاپھر کیمرہ چھیننے والے آجاتے ہیں۔ ہم کیمرے تصویریں بنانے کیلئے خریدتے ہیں ناکہ ڈاکوں کیلئے ذرا روک کر تو دکھائے یا لکھیے یہاں کیمرہ چھیننے کی اجازت نہیں ہے ۔ میں اپنے علاج کیلئے لاہور آیا تھا ساتھ فیملی بھی آگئی کہ چھٹیاں ہیں ہم لاہور دیکھیں گے۔ لاہور قلعے سے لیکر ایفل ٹاور تک ہر جگہ فوٹوگرافی کی اجازت نہیں تھی۔ مجھے بغیر کیمرہ دیکھ کر ان کے من بھی نہیں لگے۔ ہم بغیر لاہور دیکھے جارہے ہیں اور سوال ہے ویکھ لاہور کے دعوے داروں سے۔ کہ اگر لاہور دیکھنے نہیں دینا تو دعوے کیوں کرتے ہو ۔ بہت سنا تھا کہ ہم ایک دن لال قلعہ ہندوستان پر پاکستان کا جھنڈا لہرائیں گے افسوس لاہور قلعہ پر لہراتا جھنڈا بھی اس دفعہ موجود نہیں تھا۔ قلعہ بالاحصار پشاور، باغسر فورٹ بھمبر، نور محل بہاولپور، دراوڑ فورٹ چولستان، کھجوری فورٹ وزیرستان، جنڈولہ فورٹ وزیرستان کے بعد لاہور قلعہ پر فتح کی مبارک ہو۔ امید جلد ہم فتحیاب ہوجائیں گے۔ انشاءاللہ ۔ آپ مالک ہیں اس سرزمین کے پر ہمیں بھی تو فوٹوگرافی اجازت عنایت فرما دیں یا پھر گوگل ارتھ کو بھی بتادیں کہ فوٹوگرافی کی اجازت نہیں ہے شکریہ۔ ورنہ پپو یار سانوں وی تنگ نہ کر ۔ اجازت دے دیں تو شکریہ ورنہ ہماری کیا اوقات ۔