کراچی(صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی سندھ و سابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ کچھ قوتیں لسانی فسادات کراکے سندھ کا امن تباہ کرنے کی سازش کر رہی ہیں۔
محمد حسین محنتی نے سندھ کے قوم پرست رہنماؤں سید جلال محمود شاہ،ڈاکٹرقادرمگسی اوراے این پی کے شاہی سید سے رابطہ کرکے کراچی تاکشمور سندھ میں لسانی فسادات روکنے اورقیام امن کے لیے اپنا بھرپور کردار اداکرنے پر زور دیا۔
صوبائی امیرنے آئی جی سندھ غلام نبی میمن اور پیپلزپارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری وقارمہدی سے بھی رابطہ کرکے مطالبہ کیا کہ حکومت سہراب گوٹھ وحیدرآباد واقعہ میں ملوث ملزمان کو قانون کی پکڑمیں لائے پولیس وقانون نافذ کرنے والے اداروں کی موجودگی میں پرتشددواقعات قابل تشویش اورحکومتی ناکامی ہے۔
انہوں نے کہاکہ سندھ امن محبت کی سرزمین ہے کچھ قوتیں لسانی فسادات کراکے سندھ کا امن تباہ کرنے کی سازش کر رہی ہیں۔تمام محب وطن اورسندھ سے محبت کرنے والوں کو اس طرح کی سازش کو ناکام بنانے کے لیے اپنا کردار اداکرنا ہوگا۔ سندھ حکومت پولیس ومقامی انتظامیہ کے ذریعے قیام امن اورسازشی عناصرکی سرکوبی کے لئے موثراقدامات کرے۔