کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کا یوم شہدائے کشمیر پر سیمینار، 13جولائی کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا


اسلام آباد(صباح نیوز)13جولائی 1931کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے اسلام آباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے دفتر پر ایک  سیمینار کا انعقاد کیا گیا، سیمینارکی صدرت کنوینر محمود احمد ساغر نے کی ۔

سیمینارمیں اس بات کے عزم کا اعادہ کیا گیا کہ شہداء کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے مقبوضہ جموں وکشمیر کی آزادی تک موجودہ جہد و جہد کو جاری رکھاجائے گا، اس موقع پر مقررین نے 1931کے شہدا کو شاندار خراج عقیدت پیش کیاجنہوں نے ڈوگرہ سامراج کی شخصی حکومت کے خلاف اپنی قیمتی جانیںقربان کیں۔ مقررین نے 13جولائی 1931کے المناک واقعے پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ تیرہ جولائی کا دن کشمیر کی تاریخ میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے اور اس کے بعد جموں وکشمیر میں آزادی کی خاطر جتنے بھی واقعات ظہور پذیر ہوئے اور شہادتیں ہوئیں ان سب کا سلسلہ 13جولائی کے شہدا کے مشن سے وابستہ ہے ۔

مقررین نے کہا کہ  13جولائی کے شہدا کی روشن کی ہوئی شمع حریت کو روشن رکھا جائے گا اور حصول آزادی تک ہر وہ قربانی پیش کی جائیگی جس کا حالات تقاضا کریں ۔مقبوضہ کشمیرمیںجاری انسانی حقو ق کی سنگین پامالیوں اور کالے قوانین کی پرروز مذمت کرتے ہوئے انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ بھارتی فوجیوں کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی پامالیاں بند کرانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے ۔ مقررین نے کہا کہ 1931کے شہیدوں نے کشمیری قوم کو آزادی کی راہ دکھائی اور اس مشن کی تکمیل کیلئے اپنی جانوں کانذرانہ پیش کیا ہے ۔اس موقعہ پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر کی آزادی تک جہد و جہدآزادی کو جاری رکھاجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیری قوم کے جذبہ حریت کوکمزور کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہا ہے لیکن کشمیری عوام کسی صورت میں ان اوچھے ہتھکنڈوں سے مرعوب نہیں ہوں گے اور بلا جواز گرفتاریوں ، ماورائے عدالت قتل اور ظلم وتشددکا شکار بنانے سے کشمیریوں کے جذ بہ حریت کود با بانہیں جاسکتا ہے بلکہ ان ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کا جذبہ حریت مذید مصمم اور مضبوط ہو گا ۔حریت قائد ین نے کہا کہ مسئلہ کشمیرحل کئے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن وسلامتی کا قیام ممکن نہیں اور مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قرار دادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات میں مضمر ہے ۔ اس موقع پر عالمی برادری سے پر زور اپیل کی گئی کہ وہ کشمیری عوام کی خواہشات اور انکے ساتھ کئے گئے وعدوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا پرامن حل تلاش کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔

مقررین نے بھارتی افواج کی طرف سے گزشتہ چند دنوں شہید کئے جانے والے بے گناہ کشمیریوں کو زبر دست خراج عقید ت پیش کر تے ہوئے کہا کہ آزادی اور حق خودارادیت کے حصول کیلئے عوامی جد و جہد جاری رکھی جائے گی ۔انہوں نے بھارت کے تمام اقدامات اور اس کی حریت مخالف مہم کومستر د کرتے ہوئے خبر دار کیا کہ ریاست کی مسلم اکثریتی شناخت کو تبدیل کرنے کیلئے غیر کشمیریوں کو ڈومسائل سرٹیفکیٹس جاری کئے گئے ،کانفرنس کے اختتام پر کشمیری شہدا ء کی روح کے ایصال ثواب کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔سمینار  میں غلام محمد صفی، سید فیض نقشبندی، محمد فاروق رحمانی، میر طاہر مسعود، محمد رفیق ڈار، محمد حسین خطیب، الطاف حسین وانی، شیخ عبدالمتین، نثار مرزا، راجہ خادم حسین، ایڈووکیٹ پرویز احمد، جاوید اقبال بٹ، زاہد صفی، منظور الحق بٹ، مشتاق احمد بٹ، شیخ عبدالماجد، عبدالمجید، گلشن احمد، میاں مظفر، حسن البنا، محمد شفیع ڈار۔ داود خان یوسفزئی، منظور احمد ڈار اور امتیاز وانی نے شرکت کی۔