کراچی کے 90 فیصد سے زائد علاقوں سے پانی نکال دیا گیا ، شرجیل میمن


کراچی (صباح نیوز)سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کراچی کے 90 فیصد سے زائد علاقوں سے بارش کا پانی نکال دیا گیا ہے۔ایک بیان میں شرجیل میمن نے کہا کہ صرف اولڈ سٹی ایریا میں پانی موجود ہے، جلد نکال دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں بلدیاتی الیکشن سے قبل صرف پوائنٹ اسکورنگ کررہی ہیں۔واضح رہے کہ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج سے17 جولائی کے درمیان موسلادھار بارش ہو سکتی ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 14جولائی سے مون سون کا مضبوط سسٹم سندھ میں داخل ہوسکتا ہے، یہ سسٹم 18 جولائی تک اثرانداز رہے گا۔

کراچی میں آئندہ تین روز موسلا دھار بارشوں کی پیشگوئی ، اربن فلڈنگ کا خطرہ

 محکمہ موسمیات نے آئندہ تین سے چار روز میں شہر میں ایک بار پھر موسلا دھار بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کہا کہ اندرون سندھ میں آج (بدھ کو) صبح سے بارشیں ہوسکتی ہیں جبکہ کراچی سمیت سندھ بھر میں اگلے تین سے چار دن میں اچھی بارشیں متوقع ہیں۔

سردار سرفراز نے بتایا کہ 30جون سے ملک بھر میں معمول سے زیادہ بارشیں ہوئی ہیں اور 5سے 11جولائی تک شہر میں 342ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ ہوئی۔چیف میٹرولوجسٹ نے کہا کہ شہر میں آئندہ تین سے چار روزکے دوران کم از کم 60سے 70ملی میٹربارشیں ہوسکتی ہیں جس سے شہر میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 14 جولائی سے مون سون کا مضبوط سسٹم سندھ میں داخل ہوسکتا ہے اور مون سون سسٹم 18جولائی تک اثرانداز رہے گا۔اس کے علاوہ ٹھٹھہ، بدین، عمرکوٹ اور میرپورخاص سمیت دیگر اضلاع میں 18 جولائی تک بارشوں کا امکان ہے، تیزبارشوں کے باعث نشیبی علاقے زیرآب آسکتے ہیں۔