کراچی (صباح نیوز)حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی مرکزی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے بلوچستان سمیت ملک بھر میں بارشوں سے ہونے والی تباہی اور درجنوں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکمرانوں اور انتظامیہ کی نااہلی کے باعث بارشیں رحمت کی بجائے زحمت بن جاتی ہیں، محکمہ موسمیات ہر سال مون بارشوں کا الرٹ جاری کرتا ہے، مگر حکمرانوں کی نااہلی اور پیشگی اقدامات نہ کرنے سے لوگ اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ زیادہ بارشوں اور طوفان والے علاقوں کو آفت زدہ قرار دے کر وہاں ہنگامی بنیادوں پر ریلیف کی سرگرمیوں کا آغاز کیا جائے اور لوگوں کے ہونے والے نقصانات کا ہر ممکن ازالہ کیا جائے۔
انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی مصیبت کی اس گھڑی میں اپنے بھائیوں بہنوں کی مدد کریں، اور اللہ سے اجتماعی توبہ و استغفار کا بھی اہتمام کیا جائے کہ وہ ان بارشوں کو ہمارے لیے رحمتوں کا ذریعہ بنا دے۔