کراچی(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے سندھ ، بلوچستان سمیت ملک بھر میں موسلادھار بارشوں کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں اورمال مویشی سمیت املاک کے نقصان پر دلی دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ حکومت شہروں سے بارش کے پانی کے نکاس مزید نقصان سے بچنے شہریوں کی ریلیف و بحالی کے جنگی بنیادوں پر اقدامات کرے۔
انہوں نے آج ایک بیان میں متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی اور الخدمت و جماعت اسلامی کے رضاکاروں و کارکنان کو ہدایات جاری کردیں ہیں کہ وہ بارش متاثرہ اپنے بھائیوں کی ہر ممکن امداد و بحالی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہاکہ بارش اللہ کی رحمت ہوتی ہے مگر حکومتی غفلت اور انتظامی نااہلی کی وجہ سے یہ عوام کے لیے زحمت بن جاتی ہے۔تھوڑی سی بارش میں کراچی سمیت سندھ تمام شہروں کے گلی محلوں اور روڈوں پر بارش کا پانی تالاب کی شکل میں کھڑا ہے کیچڑ و گندگی کی وجہ سے شہری دہرے عذاب میں مبتلا ہوگئے ہیں۔ کرپشن کی وجہ سے پورا سسٹم بوسیدہ بن چکا ہے،اربوں روپے کی لاگت سے بننے والی سندھ اسمبلی کی نئی بلڈنگ کا معمولی بارش میں ٹپک جانا کرپشن کی انتہا ہے ،عوام بے یارومددگار اور ان کا کوئی پرسان حال نہیں،وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ مصیبت کی اس گھڑی میں پھنسے ہوئے عوام کی مدد اور ان کے نقصانات کا تخمینہ لگاکر اس کے ازالے کیلئے بھرپور اقدامات کریں،
ضلعی انتظامیہ، ریسکیو ٹیمیں،مخیر حضرات غریب عوام کی مدد کیلئے آگے آئیں اور متاثرین کیلئے فوری امدادمی سامان کا انتظام، سیلاب میں پھنسے ہوئے لوگوں کو ریسکو کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں۔صوبائی امیر نے کہا کہ جماعت اسلامی اور الخدمت فاونڈیشن سندھ کی ٹیم عوام کو مصیبت کی اس گھڑی میں اکیلا نہیں چھوڑے گی،انہوں نے جماعت اسلامی کے تمام کارکنان اور الخدمت کے رضاکاروں کو ہدایت کی کہ وہ اس مشکل گھڑی میں عوام میں رہیں اور عوام کی معمولات زندگی کی بدحالی کیلئے اقدامات اٹھائیں۔
کراچی کے قریب ریلوے ٹریک بہہ جانے پرالخدمت رضاکاروں کی ریلیف سرگرمیاں ، محمد حسین محنتی کا خراج تحسین
کراچی کے قریب گزشتہ شب ریلوے ٹریک بہہ جانے کے بعد پنجاب سے کراچی جانے والی مسافر گاڑیوں کو مختلف اسٹیشنوں پر روک لیاگیاضلع شہیدبینظیرآباد کے باندھی ریلوے اسٹیشن میں ملت ایکسپریس کے مسافروں کو سہولت پہنچانے کے لیے جماعت اسلامی کے ضلعی نائب امیر طارق جاوید کی قیادت میں الخدمت فاؤنڈیشن کے کارکنان نے مسافروں کے لئے صاف پانی اور بچوں کے لیے دودھ اور بسکٹ کا اہتمام کیا جبکہ باندھی عوام دوست اور مخیر حضرات نے کھانا بھی تقسیم کیا ۔
دریں اثناء نوابشاہ ریلوے اسٹیشن پر علامہ اقبال اور پاکستان ایکسپریس کے مسافروں کے لئے الخدمت فاؤنڈیشن کے صدر محمد سلمان رؤف کی قیادت میں میڈیکل کیمپ کا انعقاد اور فلٹر کے ٹھنڈے پانی کا اہتمام کیا گیا کیمپ کا جماعت اسلامی کے ضلعی امیر اور الخدمت فاؤنڈیشن کے سرپرست سرور احمد قریشی اور مقامی امیر فیصل ہمایوں، انجینئر عبدالوہاب نے دورہ کیا انہوں نے الخدمت فاؤنڈیشن کے کارکنان کی خدمات کو بھی سراہا اور کہا کہ کسی بھی ڈیزاسٹر کے موقع پر جماعت اسلامی اور الخدمت کے کارکنان اپنی تمام مصروفیات کو ترک کر کے لوگوں کی خدمت کے لیے پہنچ جاتے ہیں۔ امیرجماعت اسلامی سندھ محمد حسین نے بھی الخدمت رضاکاروں کی بروقت ریلیف سرگرمیوں پر ان کی تحسین کی ہے۔