جماعت اسلامی کو جب بھی موقع ملا کم وقت اورمحدود وسائل میں بھی عوا م کی خدمت کی،حافظ نعیم الرحمن


کراچی(صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کو جب بھی بلدیہ میں حکومت ملی ہم نے کم وقت اور محدود وسائل میں عوام کی خدمت کی،عبد الستار افغانی اورنعمت اللہ خان نے تعمیر و ترقی کے جو کام کیے وہ کسی اور نے نہیں کیے ،جماعت اسلامی ایک مضبوط کردار رکھتی ہے، ہم نے کراچی کے حقوق اور بلدیاتی اداروں کے اختیارات کیلیے سندھ اسمبلی کے سامنے 29دن کا تاریخی دھرنا دیا اور کراچی کے حقوق کی جنگ لڑی ،جماعت اسلامی کا میئر کراچی میں آئی ٹی پارک اور آئی ٹی یو نیورسٹی بنائے گا، ایسے ماڈل اسکول بنائیں گے جس میں بغیر کسی طبقاتی تقسیم کے سب بچے تعلیم حاصل کر سکیں، ہمارا میئر آئے گا تو کراچی کے عوام کے حقوق لے کر رہے گا اورکراچی کے مسائل حل ہوں گے،جماعت اسلامی کا میئر اختیارات کا رونا رونے کے بجائے اختیارات سے بڑھ کر کام کرے گا۔کراچی کے شہری جماعت اسلامی کے انتخابی نشان ترازو پر مہر لگائیں،جماعت اسلامی ہی عوام کے مسائل حل کرے گی اور ہمیشہ کی طرح عوام کا  مقدمہ لڑے گی۔

ان خیالات کا اظہار ا نہوں نے حلقہ خواتین جماعت اسلامی ضلع ائیر پورٹ اورضلع شمالی کے تحت ” خواتین بلدیاتی کنونشن ” سے علیحدہ علیحدہ خطاب کرتے ہوئے کیا ۔کنونشن سے امیر ضلع ایئرپورٹ توفیق الدین صدیقی ، امیر ضلع شمالی محمد یوسف، ناظمہ صوبہ سندھ رخشندہ منیب ،سابق رکن مرکز ی شوریٰ صبوح طلعت ودیگر نے بھی خطاب کیا ۔اس موقع پر نائب ناظمہ کراچی جاویداں فہیم،ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات کراچی شبانہ نعیم ،ناظمہ ضلع شمالی مہر افشاں،سعدیہ طاہرودیگر بھی موجود تھیں۔کنونشن میں الخدمت کراچی کی سرگرمیوں پر مبنی ڈاکیومینٹری بھی دکھائی گئی۔حافظ نعیم الرحمن نے چیئرمین ،وائس چیئرمین اور وارڈ کونسلرز کے ناموں کا اعلان بھی کیا ۔

انہوں نے مزیدکہاکہ 35سال سے ایم کیو ایم کراچی پر حکمرانی کر رہی ہے ایک دور تھا سارے ایم این اے اور ایم پی اے،8سینیٹر اورگورنرسب ایم کیو ایم کے تھے، ان کی مرضی سے شہر کھلتا اور بند ہوتاتھالیکن اس نے کراچی کے شہریوں کے لیے کچھ نہیں کیا۔کراچی کی ٹرانسپورٹ،سرکلر ریلوے بھی ایم کیو ایم کے دورمیں ختم کی گئی۔ انہوں نے کہاکہ سندھ اسمبلی میں بلدیاتی اختیارات کے حوالے سے بل پیش ہونے کے بعد ہونا تو یہ چاہیئے تھا کہ پیپلزپارٹی،پی ٹی آئی اورایم کیو ایم ترامیمی بل کو منظور کرتے لیکن افسوس کہ ایسا نہیں کیا گیا اور تمام پارٹیاں بلدیاتی انتخابات کو ملتوی کروانے کے لیے ہائی کورٹ چلی گئیں،ان کی پٹیشن کو ہائی کورٹ نے مسترد کردیا یہ اہل کراچی اورجماعت اسلامی کی پہلی کامیابی ہے۔جماعت اسلامی کی حق دو تحریک آگے بڑھ رہی ہے، نامزد امیدوار گلی محلوں کی سطح پر عوام کے درمیان موجود ہیں،جماعت اسلامی کا واضح پیغام ہے کہ کراچی کے ساڑھے تین کروڑ عوام کی نجات دہندہ صرف اور صرف جماعت اسلامی ہے۔

توفیق الدین صدیقی نے کہاکہ مخلص و دیانت قیادت کے ہاتھوں میں اقتدار آ نے کے بعد کراچی میں واضح اور مثبت تبدیلی آئے گی۔ موجودہ نظام و قیادت کی تبدیلی کے بغیر شہر قائد کی تقدیر نہیں بدل سکتی۔بلدیاتی انتخابات میں آ زمائے ہوئے لوگوں کو دوبارہ لانا شہر کی بدنصیبی ہوگی۔ حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں جماعت اسلامی کے نامزد امیدواران غریب اور متوسط طبقے کی مشکلات کو سمجھتے اور ان کو حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اہل کراچی پرانے چہروں کو مسترد کرکے عوام کو دھوکہ دینے والوں سے نجات کے لیے ترازو کو ووٹ دیں۔محمد یوسف نے کہاکہ جماعت اسلامی کا ماضی اس بات کا ثبوت ہے کہ کراچی کی نمائندگی و قیادت صرف اور صرف جماعت اسلامی ہی کرسکتی ہے،2001میں جب نعمت اللہ خان سٹی ناظم منتخب ہوئے تو اس وقت کراچی کی صورتحال آج سے زیادہ خراب تھی لیکن نعمت اللہ خان نے اپنی پوری ٹیم کے ساتھ مل کر ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے،اس وقت 178یونین کونسل تھیں ہر یونین کے لیے 64لاکھ سے بڑھا کر 1کروڑ روپے کا بجٹ مختص کروایا،چار سال کے عرصے میں 18ماڈل پارکس بنائیں،35فیصدسڑکیں نئی تعمیر کروائیں، فلائی اوورز اور انڈر بائی پاس بنوائے،چار سال میں شہر کا پورا نقشہ بدل کررکھ دیا۔

رخشندہ منیب نے کہا اس وقت پورے ملک میںبدامنی اور بے سکونی ہے کیونکہ ہم نے یہ خطہء زمیں حاصل کرنے کے بعد اس کا حق ادا نہیں کیا اور یہاں اسلام کا نظام نافذ نہیں کیا،ووٹ ایک امانت ہے اور اسکا غلط استعمال خیانت ہے جماعت اسلامی میں مورثی سیاست نہیں ،ہمارے لوگ ایک نظریے اور نصب العین کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں اور اللہ کے دین کو نافذ کرنے کی جدوجہد کررہے ہیں،ہر جماعت کا ایک نشان ہوتا ہے ،ترازو عدل و انصاف کا نشان ہے،ترازو کی کامیابی عوا م کی کامیابی ہے ۔صبو ح طلعت نے کہاکہ اسلام ایک مکمل دین اور زندگی گزارنے کا نظام ہے اس طریقہ حیات کی سپیرئرٹی کو ثابت کرنا ہرمسلمان کا فریضہ ہے،عوام طاغوت کو بے دخل کرکے اس ملک میں اسلامی نظام کو نافذ کرنے کی جدو جہد میں ہمارا ساتھ دیں ۔