کراچی (صباح نیوز)چیئرمین پی ایس پی مصطفی کمال نے کہا ہے کہ سندھ حکومت پیپلز پارٹی کی جاگیر بن چکی ہے،کراچی تباہ ہوگا تو پاکستان کو خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔
احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفی کمال نے کہا کہ سندھ میں گزشتہ دنوں الیکشن میں ایسا لگا کہ ڈاکو بھی سندھ حکومت کے اور پریذائیڈنگ افسر بھی سندھ حکومت کے ہیں۔انہوںنے کہا کہ سندھ حکومت پیپلز پارٹی کی جاگیر بن چکی ہے اور الیکشن کمیشن بھی انکے ساتھ ملا ہے، الیکشن کرانے کی کیا ضرورت ہے پیپلز پارٹی سے نام لیکر اعلان کردیا جائے، یہ اقدامات پاکستان کو تباہ کررہے ہیں۔
مصطفی کمال نے کہا کہ پچھلی حکومت چلانے کے لئے پیپلز پارٹی کو کھلی چھوٹ دی تھی، آج بھی شہباز حکومت چلانے کے لئے کھلی چھوٹ دی ہے، ریاست پاکستان کے ادارے بھی اس تباہی کے ذمہ دار ہیں، ضمنی انتخابات میں ماضی کی کالعدم جماعت کھلے عام فائرنگ کرتی رہی۔
چیئرمین پی ایس پی نے کہا کہ کراچء کو 13 سال سے پینے کا پانی نہیں دیا، ایک نیا سکول اور کالج نہیں بنایا گیا، 13 سالوں میں دس نئی بسیں لائے اس سے زیادہ مالیت کے اشتہارات دیدیئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کراچی والوں کی جیبوں سے اربوں روپے نکالے جارہے ہیں، ایک دو دن کی بات نہیں سالہا سال سے یہی ہورہا ہے ۔
مصطفی کمال نے کہا کہ پاکستان کے غریب لوگ بغاوت پر آگئے تو حکمرانوں کو منہ چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی، اداروں سے کہتا ہوں نیوٹرل سیاست میں رہا جاتا ہے امن وامان کی صورتحال میں نیوٹرل نہیں رہا جاتا۔انہوں نے کہا کہ کراچی تباہ ہوگا تو پاکستان کو خمیازہ بھگتنا پڑے گا، اگر آج صحیح کام کریں گے تو مستقبل بہتر ہوسکتا ہے۔
چیئرمین پی ایس پی نے کہا کہ این اے 245 ضمنی الیکشن میں پی ایس پی بھرپور حصہ لے گی، ضمنی الیکشن میں ہمارے ہیوی ویٹ امیدوار موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن پیپلز پارٹی کی بی ٹیم کا کردار ادا کرنا بند کرے، الیکشن کمیشن کو کہتا ہوں کہ نیوٹرل رہیں۔