منی لانڈرنگ کیس، مونس الٰہی کو عبوری ضمانت مل گئی


لاہور (صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ( ق) کے رہنما مونس الٰہی نے ایف ائی اے منی لاندڑنگ کے مقدمے میں گرفتاری کے خوف سے عبوری ضمانت کروا لی، بینکنگ جرائم کورٹ نے 4 جولائی تک ضمانت منظور کرتے ہوئے ایف آئی اے کو گرفتاری سے روک دیا،

مونس الہی نے کہا کہ وکیل کی ہدایت پر ضمانت کرائی ہے۔ بدھ کو بینکنگ جرائم کورٹ کے جج محمد اسلم گوندل نے رہنما ق لیگ مونس الٰہی کی عبوری ضمانت پر سماعت کی۔

دوران سماعت مونس الٰہی کے وکیل امجد پرویز نے موقف اختیار کیا کہ ایف ائی اے نے بے بنیاد مقدمہ درج کیا ہے، شامل تفتیش ہو کر بیان بھی ریکارڈ کروا چکے ہیں، ڈر ہے کہ ایف ائی اے گرفتار کر لے گی۔ لہذا عدالت عبوری ضمانت منظور کرے۔

عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر ق لیگ کے رہنما مونس الٰہی کوگرفتار کرنے سے روکتے ہوئے 4 جولائی تک عبوری ضمانت منظور کرلی اور آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر کو رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔

عدالتی کارروائی کے بعد مختصر گفتگو میں مونس الٰہی نے کہا کہ وکلا کی ہدایت پر ضمانت کرائی ۔ بینکنگ عدالت نے اسی مقدمے میں سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی اور واجد بھٹی کی عبوری ضمانتوں میں بھی 4جولائی تک توسیع کردی ۔