کل جماعتی حریت کانفرنس کا پاکستان میں قومی سطح پر یوم یکجتہی فلسطین منانے کا خیرمقدم

اسلام آباد(صباح نیوز)کل جماعتی حریت کانفرنس نے پاکستان کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کی طرف سے قومی سطح پر یوم یکجتہی فلسطین منانے کو خوش آئیند قرار دیا ہے۔کنوینر کل جماعتی حریت کانفرنس غلام محمد صفی کی صدارت میں منعقدہ ایک اجلاس میں حریت کانفرنس نے پاکستان کی تمام سیاسی،مذہبی اور سماجی جماعتوں کا متفقہ طور پر قومی سطح پر یوم یکجہتی فلسطین منانے کو انتہائی مثبت اقدام قرار دیتے ہوئے انہیں مبارک باد پیش کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ اس سے پاکستان میں سیاسی استحکام آئیگا اور بھائی چارے کی فضا قائم ہوگی، نیز پوری مملکت خداداد پاکستان میں ہر سطح پر اتحاد واتفاق کو فروغ ملے گا اور نفرت کی دیواریں گرنے کا آغاز ہوگا۔

حریت کانفرنس کی قیادت نے توقع کا اظہار کیا کہ جس طرح پاکستان کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں آج مسئلہ فلسطین پر یک زبان اورمتحد نظر آئی ہیں۔اسی طرح وہ امت کے دیگر مسائل بالخصوص کشمیر پر بھی ایک ہوکر کشمیریوں کی صحیح معنوں میں پشتیبانی کا فریضہ انجام دینگی۔حریت قیادت نے کہا کہ اسوقت کشمیر کا مسئلہ انتہائی نازک موڈ پر کھڑا ہے۔کشمیر کا مسلم تشخص ختم کیا جارہا ہے۔

کشمیر میں مسلمان کا مال جان اور دین و ایمان خطرے میں ہے۔وہاں کی ڈیموگرافی بڑی تیزی کے ساتھ تبدیل کی جارہی ہے۔ 42 لاکھ غیر ریاستی باشندوں کو کشمیر میں آباد کیا جارہا  ہے۔مدارس،سکولوں اور کالجوں میں ہندتوا کا پرچار کیاجانے لگا ہے۔ آزادی پسند لوگوں سے ان کے گھر، جائیدادیں اور ملازمتیں چھینی جارہی ھے۔  اس سنگین صورتحال کا تقاضا  ہے کہ اس اہم  مسئلے کا باوقار ،پر امن اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل نکالنے کے لیے متحد و منظم ہوکر اقدام کیا جائے۔