لاہور(صباح نیوز) ناظمہ اعلی اسلامی جمعیت طالبات حنہ بی بی نے کہا ہے کہ فلسطین پر جاری اسرائیلی جارحیت کے خلاف اور قبلہ اول کے تحفظ کے لئے حماس نے معرکہ طوفان الاقصی کا 7 اکتوبر،2023 کو آغاز کیا تھا جس کو ایک سال گزر گیا ہے۔ ایک سال کی تکمیل پر حنہ بی بی ناظمہ اعلی اسلامی جمعیت طالبات نے ایک بیان میں کہا کہ اہلِ فلسطین اس روئے زمین پر وہ خوش قسمت ترین لوگ ہیں جو القدس کی آزادی کے لئے ہر قسم کی قربانی دے رہے ہیں۔ وہ بلاخوف و خطر اپنے ایمان کی طاقت سے اسرائیلی مظالم کے آگے استقامت سے ڈٹے ہیں۔ اسرائیل نے حالیہ جنگ میں فاسفورس کے استعمال سے لے کر انسانوں کو ڈھال بنانے تک ہر جنگی قانون کی پامالی کی ہے۔
وہ غزہ میں نسل کشی کے تمام حربے آزما رہا ہے۔ دوسری طرف تمام مسلم امت اور اس کے حکمران بے حسی کی چادر اوڑھ کر سو رہے ہیں۔ باطل متحد ہو کر اسلام کے خلاف لڑ رہا ہے اور مسلم امت درون خانہ انتشار کا شکار ہے۔ اس وقت ضرورت اس امر کی ہے کہ اسرائیل اور اس کے سب سے بڑے حامی امریکہ کے خلاف تمام مسلم حکمران باہم ایک ہوں۔ اور غزہ میں جاری جنگ کو رکوانے کے لئے ہر ممکن کوشش کریں ہم بحیثیت طالبات ہر سطح پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف آواز اٹھاتی رہیں گی ۔ طالبات میڈیا کے ذریعے باطل کے جھوٹ کو سچ سے شکست دیں۔ ہر طرح کے احتجاج کا حصہ بنیں اور اپنی تمام تر کوششیں اس جنگ کو روکنے کے لئے لگا دیں