آئندہ انتخابات میں جماعت اسلامی کسی سیاسی جماعت سے اتحاد نہیں کرے گی ـ لیاقت بلوچ


لاہور (صباح نیوز)جماعت اسلامی  پاکستان کے مرکزی نائب امیر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی ، ن لیگ اور پی ٹی آئی اقتصادی تباہی  کی  ذمہ دار ہیں ـ ہرحکومت کا ایجنڈا رہا ہے کہ کرپٹ عناصر کو تحفظ دے کر اپنی کرسی مضبوط کی جائے۔ قومی خزانہ پر ڈاکہ زنی جاری ہے۔لوٹی ہوئی دولت واپس نہیں لائی جا سکی ۔ پی ٹی آئی کی بچھائی ہوئی معاشی بارودی سرنگیں ختم کرنے کی بجائے موجودہ نام نہاد حکومت نے الٹا عوام پر ہی مہنگائی کے پہاڑگر ا دیئے ہیں۔ـ جماعت اسلامی مہنگائی اورکرپشن کے خلاف 25 سے 27 جون تک تین روزہ ٹرین مارچ کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں نے اقتدار میں آکر اپنی اصلیت عوام پر عیاں کر دی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کلب میں اخباری کانفرنس  سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر جماعت اسلامی پاکستان کے قائمقام مرکزی سیکرٹری جنرل اظہر اقبال ، پنجاب کے امیر جاوید قصوری ، امیر لاہور ذکراللہ مجاہد بھی موجود تھےـ

لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکومت نے اللہ اور رسول ۖ کے ساتھ عوام کو بھی ناراض کر لیا ہے ـ انہیں عوام کی مشکلات کا کوئی ادراک نہیں ـ انہوںنے مطالبہ کیا کہ تحفظ ختم نبوت پر عالمی سطح پر قانون سازی ہونی چاہیےـ افغانستان میں سکھوں کے گوردوارہ میں ہونے والی دہشت گردی امریکہ ، انڈیا اور یہودیوں کی کارستانی ہے ـ موجودہ حکومت کو اقتدار میں آنے کا شوق تھا جس کے لئے انہوںنے ہر حربہ استعمال کیا ـ وہ پی ٹی آئی کا آئی ایم ایف کے ساتھ ہونے والے معاہدے کا رونا روتے ہیں مگر اسمبلی میں تا حال اس معاہدے کو پیش نہیں کیا جا سکاـ

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ روس سے تیل خریدنے کے بجائے قریبی ہمسائے ایران سے تیل اور گیس خریدی جائے یہ نسبتا سستا رہے گا ـ ایران نے پاکستانی سرحد پر اپنے حصے کی گیس پائپ لائن پہلے سے بچھا رکھی ہے ـ ٹرین مارچ کا شیڈول بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 25 سے 27 جون کو رحیم یار خان سے ٹرین مارچ شروع ہو گا جس کا اختتام راولپنڈی میں ہو گا ـ25 جون کو ملتان میں جلسہ عام ، 26جون کو لاہور ریلوے سٹیشن پر جلسہ جبکہ 27 جون کو راولپنڈی اسٹیشن کے باہر ہونے والے جلسے میں جماعت اسلامی اپنے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی پاکستانی عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ مہنگائی اور کرپشن کے خاتمے کے لئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ـ

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی آئندہ ہونے والے انتخابات میں کسی سیاست جماعت کے ساتھ اتحاد نہیں کرے گی ـ ہمارا اتحاد سسٹم سے اکتائی ہوئی عوام کے ساتھ ہو گاـپنجاب میں مسلم لیگ ن ، پی ٹی آئی اور سپیکرپنجاب اسمبلی نے پورے صوبے کو تماشا بنا کر رکھ دیا ہے ـ یہ پارلیمانی سسٹم کے لئے تباہی ہے ـ ملک کے اندرونی اور بیرونی قرضے 55ہزار ارب ڈالر تک پہنچ چکے ہیں ـ افراط زر تین فیصد بڑھ چکا جبکہ روپے کی قدر 35 فیصد گرچکی ہے ـ