کراچی(صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر غزہ پر اسرائیل کی بمباری ، حالیہ جارحیت و دہشت گردی کے ایک سال پورے ہونے پر” ملک گیر یوم یکجہتی فلسطین ” کے سلسلے میں کراچی میں تقریباً 12بجے دن بیک وقت سینکڑوںمقامات پر شہر کی اہم شاہرائوں اور سڑکوں پر اسرائیل کے خلاف احتجاج کیا گیا اور نہتے و مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا گیا ۔ کراچی کے شہریوں ، تاجروں ، وکلاء ، ڈاکٹرز ، انجینئرز ، علماء کرام ، اساتذہ و طلبہ ، نجی و سرکاری اداروں کے ملازمین اپنے دفتروں ، دکانوں ، تعلیمی اداروں اور گھروں سے نکل کر اور فلسطین کے جھنڈے اُٹھا کر سڑک کے کنارے کھڑے ہوگئے اور امریکہ و اسرائیل اور اس کی سرپرستی کرنے والے مغربی ممالک ، اقوام متحدہ کی ناکامی و دہرے معیار کے خلاف اور اہل غزہ و حماس کے مجاہدین کے حق میں پُر جوش نعرے لگائے ،
شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز بھی اُٹھائے ہوئے تھے ، احتجاج میں خواتین بھی شامل تھیں ، خواتین نے مختلف سڑکوں پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی ۔امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان کی زیر قیادت پاور ہائوس چورنگی ، نارتھ کراچی میں مرکزی احتجاج کیا گیا ، جس میں عام شہریوں سمیت اسکولوں کے طلبہ نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی جبکہ نائب امیر کراچی و اپوزیشن لیڈر بلدیہ عظمیٰ سیف الدین ایڈوکیٹ نے کے ایم سی بلڈنگ کے سامنے سٹی کونسل کے ارکان کے احتجاج اور سیکریٹری کراچی توفیق الدین صدیقی نے نیو ایم اے جناح روڈ پر ہونے والے احتجاج کی قیادت کی اور خطاب کیا ۔ شہر میں دوپہر کے وقت جگہ جگہ احتجاج کے باوجود ٹریفک کی روانی متاثر نہیں ہوئی اور گاڑیاں چلتی رہیں ،
اس دوران مسافروں اور گاڑیوں میں سوار لوگوں نے بھی احتجاجی مظاہرین سے یکجہتی اور اسرائیل کے خلاف نفرت کا اظہار کیا ۔ احتجاج کے دوران متعدد مقامات پر کیمپ لگائے گئے ۔ کیمپوں اور سڑکوں پر بھی فلسطینی ترانے ، القدس ہمارا ہے ، لبیک یا اقصیٰ ، لبیک یا غزہ چلائے اور فلسطینی پرچم لہرائے جاتے رہے ، منعم ظفر خان نے پاور ہائوس چورنگی پر احتجاج کے دوران شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اہل غزہ نے اسرائیل کی حالیہ دہشت گردی کے 365دن مسلسل مزاحمت و جدو جہد اور قربانیوں کی نئی تاریخ رقم کی ہے ، بچوں ، بزرگوں اور خواتین نے جذبہ ٔ ایمانی اور ثابت قدمی کا بے مثال مظاہرہ کیا ہے ، اہل غزہ و فلسطین نے اسرائیل اور اس کے سرپرستوں کو واضح پیغام دیا ہے کہ ہمیں شہادتیں اور قربانیاں تو قبول ہیں لیکن انبیائ کی سرزمین فلسطین اور قبلہ ِ اوّل کی آزادی سے کم کوئی سمجھوتہ اور معاہدہ قبول نہیں کریں گے ۔ اہل غزہ و فلسطین کا لہو پوری امت اور حکمرانوں کو پکار رہا ہے کہ وہ کب جاگیں گے ؟ اور حکمرانوں نے اپنی گردنوں میں غلامی کا قلاوہ کیوں ڈال رکھا ہے ۔
منعم ظفر خان نے کہا کہ اسرائیل کی دہشت گردی ، مظلوم و نہتے فلسطینیوں پر بمباری اور حماس کے مجاہدین اور اہل غزہ کی مسلسل مزاحمت کو ایک سال پورا ہو گیا ہے ، آج اہل کراچی سمیت پورے ملک کے عوام نے سڑکوں پر نکل کر حماس کی اپیل پر” عالمی یوم ِ مزاحمت ” سے یکجہتی کرتے ہوئے” یوم یکجہتی فلسطین ” منایا ہے اور ثابت کر دیا ہے کہ قبلہ ِ اوّل کی آزادی کی جدو جہد میں پوری امت حماس کے مجاہدین اور اہل غزہ و فلسطین کے ساتھ ہے ،یہ احتجاج حکمرانوں کے لیے بھی یہ پیغام ہے کہ وہ اسرائیل کے خلاف اُٹھیں ۔ خواب ِ غفلت سے بیدار ہوں اور حکمران خواہ اپنی ذمہ داری پوری کریں نہ کریں عوام اسرائیل کے خلاف اور اہل غزہ کے حق میں آواز بلند کرتے رہیں گے ۔ سڑکوں پر بھی نکلیں گے اور یہ آواز دبنے نہیں دیں گے ۔ عوام یک جان اور منظم ہیں ۔ اسرائیل کے خلاف مزاحمت اور جدو جہد جاری رہے گی ۔ قبلہ اوّل بیت المقدس ضرور آزاد ہوگا اور مسلمان مسجد اقصیٰ میں نماز ضرور ادا کریں گے ۔
منعم ظفر خان نے کہا کہ اہل فلسطین سے ہمارا ایمان اور عقیدے کا رشتہ ہے ، وہاں قبلہ اوّل ہے وہ انبیاء کی سرزمین ہے اور وہیں معراج کے موقع پر نبی کریم ۖ نے انبیائ کی امامت کی ۔ قبلہ اوّل پر یہودیو ں کا قبضہ اور اسرائیل کی ناجائز ریاست کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا ۔ 7اکتوبر 2023کو اسرائیل حماس کے طوفان الاقصیٰ اور القسام برگیڈ کے ہاتھوں شکست کھا چکا ہے اور یہ ثابت ہو چکا ہے کہ اسرائیل کوئی ناقابل شکست ریاست نہیں ، اسرائیل اپنی اس شکست کا بدلہ لینے کے لیے غزہ کی شہری آبادیوں ، اسکولوں ، ہسپتالوں پر بمباری کر رہا ہے اور نہتے بچوں اور خواتین کو شہید کر رہا ہے ۔ ایک سال کے دوران 45ہزار فلسطینی شہید ہو چکے ہیں ۔ ان شہادتوں اور بڑھتے جذبوں نے دنیا بھر میں باضمیر انسانوں کو بیدار کیا ہے ، امریکہ اور یورپ کے ممالک میں بھی عوام اپنے حکمرانوں کے بر خلاف اسرائیل کی مذمت اور فلسطینیوں سے یکجہتی کر رہے ہیں ۔ پاور ہائوس چورنگی پر احتجاج سے امیر ضلع شمالی و ٹائون چیئر مین نیو کراچی محمد یوسف ، عثمان پبلک اسکول سسٹم کے ڈائریکٹر معین الدین نیئر ، پرنسپل کیمپس 2کے خالد زمان نے بھی خطاب کیا ۔