جماعت اسلامی پی پی 63گوجرانوالہ کے امیدوار فرقان عزیز بٹ پر قاتلانہ حملہ کرنے والوں کو جلد گرفتار کیا جائے،محمد جاوید قصوری


لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے گوجرانوالہ کے حلقے پی پی 63 میں جماعت اسلامی کے امیدوار فرقان عزیز بٹ پر قاتلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس واقعے میں ملوث افراد کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے ۔ صوبے میں لاقانونیت کی انتہا ہو چکی ہے ، کسی کو بھی جان و مال کا تحفظ حاصل نہیں ۔ آئے روز جرائم کی بڑھتی وارداتیں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کی ساری سیکورٹی حکمرانوں کی حفاظت پر مامور ہے جبکہ عوام کو بے یارو مددگار چھوڑ دیا گیا ہے ۔ حکمرانوں کی عدم توجہ سے پنجاب کا امن خراب سے خراب تر ہوتا چلا جا رہا ہے ۔ضمنی انتخابات سے قبل اس قسم کے منفی اور اوچھے ہتھکنڈوں کا مقصدعوام کو حقیقی قیادت سے محروم کرنا ہے ۔تمام تر کوششوں کے باجود امن و امان کی صورتحال بہتر نہیں ہو سکی ۔جرائم پیشہ عناصر بلا خوف خطر آزاد دندناتے پھیر رہے ہیں اور کوئی پوچھنے والا نہیں ہے ۔

انہوں نے کہا کہ تھانہ کلچر کو بدلنے کی ضرورت ہے ۔جب تک صوبے میں تھانہ کلچر کو بدلنے کے حوالے سے ٹھوس بنیادوں پر اقداما ت نہیں کئے جاتے اس وقت تک عوام کو تحفظ کا احساس فراہم نہیں کیا جاسکتا۔آئے روز اغواء براے تاوان ،چوری ،ڈکیتی اور راہزنی ، قتل و غارت گری کی وارداتوں میں اضافہ ہو رہا ہے ۔حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی بدولت عوام کی زندگی عملا اجیرن ہو چکی ہے ۔

محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لئے لاہور، گوجرانوالہ ، فیصل آباد ، ساہیوال سمیت پورے صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنا نا ہو گا ۔فرقان عزیز بٹ پر قاتلانہ حملے میں ملوث افراد کے خلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے ۔کسی بھی شخص کو امن و امان کی صورتحال سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی