اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ یکم نومبر سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو گا یکم نومبر کو گیگیس ،بجلی، آٹا ،چینی ،انڈے ،دالیں ،تیل سبزیاں، پھل ،دوائی سب مہنگے ہونگے، نومبر کے مہینے میں گیس مہنگی بھی ہو گی اور ملے گی بھی نہیں، تین سال آئی ایم ایف کی تابعداری میں عوام کا معاشی قتل کیا گیا ہے۔
یکم نومبر کو پھر عمران صاحب مہنگائی کا نوٹس لینے کا ڈرامہ کریں گے، پاکستان اور عوام کے ہر مسئلے کا واحد حل عمران صاحب کے استعفیٰ میں ہے۔
ان خیالات کااظہار مریم اورنگزیب نے منگل کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ملک میں ترقی کے عمل اور تمام منصوبوں کو تالا لگا ہوا ہے والدین بچوں کے سکول کے سردی کے یونیفارم خریدنے کے قابل نہیں رہے، لوگ ماں باپ کے لئے دوائی نہیں خرید سکتے، لوگ گھر کا کرایہ دینے سے مجبور ہوچکے ہیں، خواتین گھر کا سوداسلف نہیں خرید سکتیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام کے چولہے بجھ چکے ہیں اور جیب خالی ہے۔ ظالم حکومت کا راستہ روک کر ہی مہنگائی کا راستہ روکا جا سکتا ہے یکم نومبر کو پھر عمران صاحب مہنگائی کا نوٹس لینے کا ڈرامہ کریں گے، پاکستان اور عوام کے ہر مسئلے کا واحد حل عمران صاحب کے استعفیٰ میں ہے۔