ایوان صدر کی سوشل میڈیا پر زیر گردش ڈاکٹر سہیل انجم نامی جعلساز کی گریڈ 21 کی پوسٹ پر تعیناتی کے نوٹیفکیشن کی تردید

اسلام آباد(صباح نیوز)ایوان صدر نے سوشل میڈیا پر زیر گردش ڈاکٹر سہیل انجم نامی جعلساز کی ایوان صدر میں گریڈ 21 کی پوسٹ پر تعیناتی کے نوٹیفکیشن کی تردید کردی ہے ، ایوانِ صدر پریس ونگ کے مطابق ایوان صدر میں ڈاکٹر سہیل انجم کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جعلی ہے، ایوانِ صدر میں گریڈ 21 میں پرسنل سیکرٹری کا کوئی عہدہ موجود نہیں ہے،

ایسٹبلشمنٹ ڈویژن نے ایوانِ صدر میں ڈاکٹر سہیل انجم نامی کسی شخص کی تعیناتی نہیں کی، ایوانِ صدرنے کہا ہے کہ ڈاکٹر سہیل انجم نے ایوانِ صدر کے سیکرٹری جنرل کے پرسنل سیکرٹری کے کارڈز بھی چھپوا رکھے ہیں، ایوان صدر میں سیکرٹری جنرل اور اسکے پرسنل سیکرٹری کا کوئی عہدہ موجود نہیں،ایوانِ صدر میں افسران کی تعیناتی شفافیت اور دیانتداری کی بنیاد پر کی جاتی ہے، جعلی نوٹیفکیشن کی تحقیقات کیلئے معاملہ ایف آئی اے کو بھجوا دیا گیا ہے