پنجاب حکومت نے سموگ کو پھر آفت قرار دیدیا


لاہور(صباح نیوز)پنجاب حکومت نے سموگ کو ایک بار پھر آفت قرار د یدیا۔ریلیف کمشنر پنجاب نے نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کو ہنگامی اقدمات کرنے کی ہدایات جاری کردیں۔

جوڈیشل انوائرمنٹل کمیشن نے محکمہ ماحولیات کو سموگ کے خلاف اقدامات  کو یقینی بنانے کا ٹاسک دے دیا۔سپیشل سکواڈ کو روزانہ آلودگی کا باعث بننے والے عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئیں۔

آلودگی کا باعث بننے والی گاڑیاں بند کی جارہی ہیں۔ زہریلی گیسیں اگلنے والی صنعتوں اور اینٹوں کے بھٹوں کو فوری سیل کیا جا رہا ہے۔

محکمہ زراعت کو فصلوں کی باقیات نہ جلانے کے حوالے سے اقدمات کرنے کی ہدایت کی گئیں ہیں۔

شہر کا ائیر کوالٹی انڈیکس 304پر پہنچ گیا ۔لاہور کے  علاقے علامہ اقبال ٹاؤن میں ائیر کوالٹی انڈیکس میں آلودگی سب سے زیادہ420 پوائنٹس ریکارڈ کی گئی۔ انار کلی بازار  413 اورٹاؤن شپ کا علاقہ 397 اے کیو آئی کیساتھ شہر کے آلودہ ترین علاقے قرار دیئے گئے ۔

واضح رہے کہ لاہور میں سموگ کی صورتحال تشویشناک صورت اختیار کر گئی۔باغوں کا شہر لاہور پھر فضائی آلودگی کے اعتبار سے دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر ہے۔