سری نگر میں کشمیری تاجر اورڈاکٹر سمیت4 افرادشہید


سری نگر:بھارتی فوج نے سری نگر میں گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران کشمیری تاجر اورڈاکٹر سمیت4 افراد کو  شہید کر دیا ہے ۔بھارتی فوج نے شہید ہونے والے افراد کی لاشیں لواحقین کو فراہم کرنے سے انکار کر دیا  ہے ۔

کے پی آئی  کے مطابق  فوج  کی ریاستی دہشت گردی میں شہید ہونے والوں میں ترال کے سمیر احمد تانترے، بانہال کے امیر، حیدر پورہ کے الطاف احمد بٹ اور ڈاکٹر مدثر شامل ہیں کے۔انسپکٹر جنرل آف پولیس (کشمیر زون) وجے کمار نے منگل کو سری نگر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ مارے جانے والے چار افراد میں عمارت کا مالک بھی شامل ہے۔

انہوں نے دعوی کیا کہ چار افراد میں غیر ملکی عسکریت پسند، اس کے دوساتھی،  اور عمارت  کا مالک  الطاف احمد بٹ شامل ہے ۔۔الطاف بٹ کے اہلخانہ کاکہنا ہے کہ اسے بھارتی فوجیوں نے بلااشتعال فائرنگ کر کے  شہید کیا۔ اہلخانہ نے الطاف کی میت کی واپسی کیلئے برزلہ میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔

مظاہرین کا کہناتھا کہ فوجی اہلکار بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کے حالیہ مقبوضہ علاقے کے دورے کے دوران تیار کی گئی پالیسی کے تحت بے گناہ کشمیریوں کا قتل عام جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ پالیسی کے تحت فوجیوں کو مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں پر کسی بھی حملے کی صورت میں بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔