مظفرآباد(صباح نیوز) مسلم کانفرنس جموں و کشمیر نے مقبوضہ کشمیرمیں قابض بھارتی فوج کی بڑھتی ہوئی تعیناتی پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں سیکورٹی کے نام پر کشمیری عوام کی زندگی اجیرن بنا دی گئی بھارتی فوج کے نرغے میں کشمیری عوام دکھ، مصائب اور مشکلات جیل رھے ہیں انہیں ڈرایا دھمکایا اور خوف و دہشت سے سرنگوں کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
مسلم کانفرنس جموں کشمیر کے ترجمان اعلی شیخ عبدا الماجد نے جاری اپنے بیان میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے اضافے نے صورتحال کو تشویشناک بنادیا، لگتا ہے بھارت کی مودی سرکار حسب معمول کشمیر میں کچھ انوکھا کرنے جارہی ہے مقبوضہ کشمیر میں ایک ملین سے زائد بھارتی افواج کی تعیناتی آخر چہ معنی دارد۔
انہوں نے کہا ہے کہ ظالمانہ اور جابرانہ ہتھکنڈوں سے کشمیر عوام کو سرنگوں کرنے کی بھارتی کوشش خس و خاشاک ہی ثابت ہوگی بھارت سرکار نے سیکورٹی کے نام پر کشمیری عوام کو حراساں اور ان کی روز مرہ زندگی اجیرن بنادی۔ شیخ ماجد نے کولگام میں وسیم راتھر کے والد اور محلے داروں کو انجام بد کی دھمکیاں دینا اور دہشت ذدہ کرنا افسوس ناک قرار دیا ہے۔
انہوں نے شہدا کولگام، شوپیان اور سرینگر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہیدوں کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں ہونے دیا جائے گا شہدا کشمیر تحریک آزادی کشمیر کے روح رواں ہیں انہیں منہا کرکے اس تحریک کی کوئی حیثیت نہیں۔
مسلم کانفرنس کے چیف اسپوکس پرسن نے کہا ہے کہ کشمیریوں کی فقید المثال قربانیوں کو سبوتاژ کرنے والے کشمیر کے غدار کہلائیں جائیں گے جنہیں کشمیری عوام قطعا معاف نہیں کریں گے۔