انشاء اللہ وہ دن ضرور آ ئے گا جب پوری کشمیری قوم ایک مکمل آزاد ماحول میں عید کی خوشیاں منائے گی۔ سیف اللہ خالد


مظفر آباد(صباح نیوز) حزب المجاہدین کے نائب امیر سیف اللہ خالد نے ملت اسلامیہ کشمیر کوعید مبارک پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ذہنی غلامی سے کب کی آزاد ہوچکی لیکن جسمانی طور پر قابض ملک کے ہاتھوں یرغمال بنی ہوئی قوم،ملت اسلامیہ کشمیر،دنیا کے ضمیر کو بالعموم اور اسلامی ممالک کے حکمرانوں کے ضمیر کو بالخصوص یاد دلارہی ہے کہ رمضان المقدس کے مقدس مہینے میں بھی اس ملت کے جوانوں،بچوں،بزرگوں کا خون بہایا گیا،چار دیواری کی حرمت کو پامال اور گھروں کو دھماکوں سے اڑایا گیا،لیکن کسی آزاد قوم کے حکمران کا اس پر احتجاج اور کشمیری عوام سے ہمدردی تو دور کی بات، ان کی پیشا نیوں پر ناگواری اور پریشانی کے تاثرات بھی نظر نہیں آئے۔اسلامی ممالک کے حکمرانوں کی یہ بے حسی اوربے غیرتی ان کے ذہنی غلام ہونے کا واضح اعلان ہے۔ تاریخ گواہ ہے کہ جسمانی طور پر یرغمال اور غلام قومیں کسی نہ کسی روز آزادی کا بہار دیکھ چکی ہیں اور مستقبل میں دیکھ لیں گی لیکن ذہنی غلام ہمیشہ غلامی کی آگ میں جلتے رہے ہیں، رہیں گے اور اف کرنے کے قابل بھی نہ ہیں اور نہ ہونگے۔

ترجمان حزب المجا ہدین کے مطابق ان خیالات کا اظہار حزب نائب امیر سیف اللہ خالد نے ملت اسلامیہ کشمیر کے نام اپنے عید پیغام میں کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری قوم سخت ابتلا و آزمائش کے دور سے گذر رہی ہے تاہم یہ دور ۔ان شاء اللہ عا رضی ثابت ہوگا اور ظالم قوتیں دیر سویر ضرور اپنے خوفناک انجام سے دوچار ہونگی۔سیف اللہ خالد نے ورثا شہدا اورمحبوسین کی جرات و ہمت کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ اصل میں یہی لوگ اور وہ جو جدوجہد میں سرگرم کردار ادا کرہے ہیں،سب سے پہلے عید مبارک کے مستحق ہیں۔

حزب نائب امیر نے کشمیری قوم سے اپیل کی کہ وہ عید الفطر کی خوشیوں میں جدوجہد میں مصروف خاندانوں کو نہ بھولیں بلکہ ہر لمحہ ہر خوشی کے موقعے پر یاد رکھیں۔سیف اللہ خالد نے اس یقین کا اظہار کیا کہ ان شا اللہ وہ دن ضرور آ ئے گا جب پوری کشمیری قوم ایک مکمل آزاد ماحول میں عید کی خوشیاں منائے گی۔