وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر سے کیوبا ، پولینڈ اور سویڈن کے سفراء کی ملاقاتیں


اسلا م آباد(صباح نیوز)پاکستان میں کیوبا ، پولینڈ اور سویڈن کے سفیروںنے وزارتِ خارجہ میں وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، ملاقاتو ںکے دوران ان ممالک سے باہمی تعلقات سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیا ل کیا گیا ،ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق  وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر سے کیوبا کے سفیر زینر کارو  نے ملاقات کی ،

اس موقع پر حنا ربانی کھر نے پاکستان اور کیوبا کے مابین دو طرفہ تعلقات کو سراہتے ہوئے انہیں مزید مضبوط بنانے کے حوالے سے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔وزیر مملکت برائے خارجہ محترمہ حنا ربانی کھر نے2005 کے زلزلے کے دوران کیوبا کی جانب سے پاکستان کو فراہم کردہ معاونت کو سراہا۔

وزارتِ خارجہ میں وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر سے پاکستان میں پولینڈ کے سفیر میکیج پسارسکی اور سویڈن کے سفیر ہنرک پرسن نے بھی  ملاقات کی،ملاقات میںیوکرین کیلئے بین الاقوامی ڈونرز کانفرنس کے حوالے سے تبادلہ  خیال کیا گیا،وزیر مملکت حنا ربانی کھر نے کہاکہ پاکستان تمام شورش زدہ علاقوں میں شہریوں کو انسانی بنیادوں پر ریلیف فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔اس ضمن میں ہم نے گزشتہ ماہ ہنگامی طور پر امدادی سامان کے دو طیارے روانہ کیے ہیں۔