معروف سینئر اداکار سہیل اصغر کی نماز جنازہ کل ادا کی جائے گی


کراچی(صباح نیوز)معروف سینئر اداکار سہیل اصغر انتقال کر گئے۔ وہ کافی عرصہ سے علیل تھے۔ ان کی نماز جنازہ کل( اتوار کو) نماز عصر کے بعد کراچی بحریہ ٹاون میں ادا کی جائے گی۔پاکستان شوبز انڈسٹری کا ایک اور بڑا نام رخصت ہو گیا ۔

سینئر اداکار سہیل اصغر علالت کے باعث کراچی میں انتقال کر گئے، سہیل اصغر ایک ہفتے سے علیل اور اسپتال میں داخل تھے، ان کا ڈیڑھ سال قبل  بڑی آنت کا آپریشن بھی ہوا تھا۔سہیل اصغر کے اہل خانہ نے بھی ان  کے انتقال کی تصدیق کی ہے۔

اہل خانہ کے مطابق ان  کی نماز جنازہ اتوار کو نماز عصر کے بعد کراچی بحریہ ٹاون میں ادا کی جائے گی۔

لاہور سے اپنے کریئر کا آغاز کرنے والے سہیل اصغر پاکستانی اسٹیج اور ٹی وی کے سنیئر ترین اداکاروں میں شمار ہوتے تھے، ان کے مشہور ٹی وی ڈراموں میں چاند گرہن، دکھ سکھ، خدا کی بستی،، لاگ، کاجل  گھر، حویلی، ریزہ ریزہ، پیاس اور دیگر ڈرامے شامل ہیں۔سہیل اصغر نے 2003 میں بڑی اسکرین پر فلم مراد میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے اور بعد میں فلم ماہ نور میں بھی کام کیا۔

سہیل اصغر کے انتقال کے سینئر اداکاروں نے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے،ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے معروف اداکارہ بشری انصاری نے کہا کہ ڈرامہ انڈسٹری کا ایک بڑا نام رخصت ہوا۔ ان کا خلا کبھی پر نہیں ہو گا۔

سینئر اداکار مصطفی قریشی نے کہا کہ سہیل اصغر ایک بڑے فنکار تھے اور ایسے فنکار صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں۔2003 میں سہیل اصغر نے پہلی مرتبہ چھوٹی اسکرین سے بڑی اسکرین پر قدم رکھا اور فلم مراد  میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ اس کے بعد انہوں نے فلم ماہ نور میں بھی کام کیا۔ جسے بے حد پسند کیا گیا۔ سہیل اصغر اپنے منفرد انداز اور شخصیت کی وجہ سے بے حد پسند کیے جاتے تھے،،

ادا کار سہیل احمد نے کہا کہ سہیل اصغر کے انتقال سے انڈسٹری کا بڑا نقصان ہواہے، وہ  بہترین مزاج کے مالک تھے، انہوں نے ڈراموں میں بہترین اداکاری کی ۔اداکار توقیر ناصر نے کہا کہ سہیل اصغر کے انتقال پر افسوس ہوا ،وہ  بہترین شخصیت کے مالک تھے،انہوں نے جونیئر اداکاروں کے ساتھ شفقت کارویہ اپنایا۔

توقیرناصر نے کہا کہ وہ  بیمار تھے کسی کو پتہ نہیں چلا اور نہ ہی کسی نے ان کو پوچھا ،اداکار قومی اثاثہ ہیں ،حکومت ان کے لیے اقدام اٹھائے۔اداکار عدنان صدیقی نے کہا کہ سہیل اصغر  بہترین انسان تھے، ان کے انتقال پر دکھ ہوا۔

معروف اداکار جاوید شیخ نے کہا کہ سہیل اصغر بہترین اداکار تھے، ان کے انتقال پر افسوس ہوا ،حکومت سے اپیل ہے اداکارو ں کے لیے کوئی اقدام کرے۔ڈرامہ نگار اصغر ندیم سید نے کہا کہ سہیل اصغر کے انتقال سے ٹی وی انڈسٹری کا نقصان ہوا،انہوں نے میرا پہلا سیریل آسمان میں اداکاری کی، ان سے دوستی کا رشتہ تھا، وہ سندھی،سرائیکی زبان سمیت ہرلہجے میں اداکاری پرعبوررکھتے تھے