امید ہے پرانا پاکستان بحال ہونے سے اشیاء خوردنی ،پٹرول ،ڈالر کی پرانی قیمتیں بھی بحال ہونگی۔مولانا عبدالحق ہاشمی


کوئٹہ(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا ہے کہ امید ہے پرانا پاکستان بحال ہونے سے اشیاء خوردنی ،پٹرول ،ڈالر کی پرانی قیمتیں بھی بحال ہونگی ۔ ایک بیان میں انہوں نے  کہا کہ حکمرانوں ،اسٹبلشمنٹ وہر قوت کو آئین پاکستان کیساتھ مخلص ہونا ہوگا۔بدقسمتی سے ہر طاقت ور طبقہ آئین وقانون کی خلاف ورزی کرتاہے۔ اسلامی پاکستان ہی قوم کو خوشحالی دے سکتا ہے ۔جماعت اسلامی چہرے نہیں نظام کی تبدیلی کیلئے کوشاں ہے ۔قوم جماعت اسلامی کاساتھ دیگی تو حقیقی اسلامی انقلابی تبدیلی اورآئین وقانون کی حکمرانی ہوگی آئیگی ۔ضمیروں کی خرید وفروخت کرنے والوں کے خلاف قانونی کاروائی ہونی چاہیے ۔

  انہوں نے کہاکہ آئین پاکستان اوراسلامی نظام کیساتھ کوئی طاقت بھی مخلص نہیں خواہ وہ حزب اقتدار ہو یاحزب اختلاف ہر شخص اور ہر پارٹی کو آئین کی خلاف ورزی اس وقت یادآتی ہے جب اس کے مفادکے خلاف کوئی کام ہوجائے ورنہ ملک میں آئے روزسینکڑوں آئین کے خلاف ورزیاں ہورہی ہیں لیکن ظاہری طورپرآئین کادرد رکھنے والوں کی طرف سے اس کے خلاف احتجاج تو بہت دور کی بات ہے ان کے منہ سے ایک لفظ بھی نہیں نکلتا۔

انہوں نے سوال کیا کہ  کیا ملک میں اسلامی احکامات کے خلاف اقدامات کرنا آئین سے غداری نہیں؟ ہمارا آئین کہتا ہے کہ اس اسلامی ملک میں کوئی قانون قرآن و سنت کے خلاف نہیں بنے گااور معاشرہ کو اسلامی سانچہ میں ڈھالنے کی کوشش کی جائے گی لیکن اب تک جو بھی حکمراں آئے انہوں نے اپنے اپنے دور میں سود کو جاری رکھنے، فحاشی، عریانی ،بدکاری اور انسانوں کی خرید و فرخت کوفروغ دینے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، گھریلو تشدد اور18سال سے کم عمر کی شادی پر پابندی جیسے سراسر اسلام کے خلاف قوانین منظور کئے گئے کیا اس آئین کی کھلی خلاف ورزی پر آئین کا دردرکھنے والوں میں سے کسی نے کوئی احتجاج کی کال دی یا اس آئین کی سنگین خلاف ورزی پر غداری کا مقدمہ قائم کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس سے پتہ چلتا ہے کہ ان میں سے کسی کو بھی آئین سے اور ملک سے کوئی محبت نہیں بلکہ صرف اپنا مفاد عزیز ہے اور آئین کا نام صرف اپنے ذاتی مفاد کے لئے استعمال کرتے ہیں ہمارا سپریم کورٹ ے مطالبہ ہے کہ جس جس نے جہاں جہاں آئین سے غداری کی ہے ان سب کے خلاف سوموٹو ایکشن لیکران کو سزائیں دی جائیں اور اس ملک کوآئین کے مطابق مکمل اسلامی جمہوریہ پاکستان بنانے کے احکامات دئیے جائیں