اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے جمہوریہ انڈونیشیا کی وزیر خارجہ ریٹنو مرسودی کیساتھ ٹیلی فونک رابطہ ہوا،دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے وسیع موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔
انہوں نے سیاسی، تجارتی اور اقتصادی معاملات کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ، آسیان، او آئی سی اور دیگر کثیر الجہتی فورمز پر تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ اور کثیر جہتی، مشترکہ مفاد کے امور پر تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
انڈونیشیا کی وزیر خارجہ نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو انڈونیشیا کے دورے کی دعوت دی۔دعوت قبول کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے باہمی طور پر مناسب تاریخ پر انڈونیشیا کا دورہ کرنے کا عندیہ دیا ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ملائیشین ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ملائیشیاکے اپنے ہم منصب وائی بی داتو ایس آر آئی سیف الدین عبداللہ کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ ہوا ، دونوں وزرا ئے خارجہ نے سیاسی، تجارتی اور معاشی امور پر محیط دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی مفاد کے متعدد موضوعات اور کثیرالقومی اداروں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔
دونوں برادر ممالک کے درمیان قریبی تعاون کی دیرینہ تاریخ کا اعتراف کرتے ہوئے دونوں وزرا خارجہ نے اس شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔دونوں وزرا خارجہ نے سیاسی تعلقات کی مثبت رفتار برقرار رکھنے ، باہمی مفاد میں تجارتی ومعاشی روابط، ثقافتی تعلقات کی وسعت ، سیاحت و عوامی رابطوں کے فروغ پر اتفاق کیا۔ انہوں نے باہمی دلچسپی کے امور پر دوطرفہ اور کثیرالقومی دونوں سطحوں پر ربط وتعلق جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔