کراچی(صباح نیوز)پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر سے اپیل کی ہے کہ وہ وائٹ ہاوس میں اگلے امریکی صدر کی آمد سے قبل،ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی جلداز جلد رہائی کے لیے اپنے عہدے کااستعمال کریں۔ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی پاکستانی شہریوں بالخصوص لڑکیوں اور خواتین میں تحفظ کا احساس پیدا کرے گی۔
ڈاکٹر عافیہ صدیقی نہ صرف ایک پاکستانی ماں بلکہ اعلی درجے کی سائنسدان اور ماہر تعلیم ہیں۔ ان کی رہائی سے امریکہ اور پاکستان کے درمیان قریبی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ جنرل سید عاصم منیر خود حافظ قرآن ہیں اور ڈاکٹر عافیہ صدیقی بھی۔جاری بیا ن میں الطاف شکور نے ان پر زور دیا کہ وہ اپنے عہدے کوعافیہ کی رہائی جیسے نیک مقصد کے لیے استعمال کریں اور ایک نئی تاریخ رقم کریں۔ پاکستان نے امریکا کے لیے بہت کچھ کیا ہے، خاص طور پر افغانستان میں امریکی کاز کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کی بہت خدمات ہیں۔اگر آرمی چیف ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لیے اپنے عہدے کا استعمال کرتے ہیں تو امریکا انکار نہیں کرے گا۔
پوری پاکستانی قوم ملک کے اندرونی و بیرونی دشمنوں اوردہشت گردو ں کی سازشوں کو ناکام بنانے کی کوششوں میں افواج پاکستان کے ساتھ ہے۔ واضح رہے کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر عافیہ کی رہائی کے لیے دس لاکھ سے زائد افراد پہلے ہی رحم کی درخواست پر دستخط کر چکے ہیں۔ ہر سبکدوش ہونے والے امریکی صدر کو اپنا عہدہ چھوڑنے سے پہلے قیدیوں کو معاف کرنے کا حق ہے اور سبکدوش ہونے والے امریکی صدر جو بائیڈن پہلے ہی اس حق کا استعمال کرتے رہے ہیں۔ اب ان کے عہدہ چھوڑنے میں چند دن رہ گئے ہیں اور اس موقع کو ضائع نہیں کرنا چاہیے#