اسلام آباد (صباح نیوز)وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ حکومت اور اسٹیبلشمنٹ ایک نہ ہوں تو ملک نہیں چل سکتا،نہ ہماری حکومت جارہی ہے اور نہ کوئی تبدیلی ہورہی ہے ، جتنا فساد اور ٹی وی پرکھپ ڈالا ہو اہے اپوزیشن سوچے کہیں ان کو شرمندگی نہ ہو۔
ان خیالات کااظہار پرویز خٹک نے پارلیمنٹ اور پی ٹی وی حملہ کیس میں اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت میں بریت کی درخواست دائر کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اور اسٹیبلشمنٹ دونوں ایک ہوتے ہیں ، جب حکومت اور اسٹیبلشمنٹ ایک نہ ہوں تو ملک نہیں چل سکتا، یہ غلط فہمی کسی کو نہیں ہونی چاہئے کہ اسٹیبلشمنٹ اور حکومت الگ، الگ ہیں دونوں ایک دوسرے کا حصہ ہیں ، ساتھ ہیں اور ساتھ چلتے رہیں گے ، مجھے تو کوئی چیز نظر نہیں آتی۔
پی ٹی آئی کے مبینہ طور پر منحرف اراکین کے اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کے حق میں ووٹ دینے کے حوالے سے سوال پر پرویز خٹک نے کہا کہ نہ ہم نے کوئی حکمت عملی کرنی ہے، نہ کسی کو روکنا ہے ، نہ ہم نے ظلم اورزیادتی کرنی ہے ، ہم سیدھے لوگ ہیں اورشرافت سے آئین کے مطابق سیاست کرتے ہیں،جو اسمبلی میں جاتا ہے اور ہمارے خلاف ووٹ ہوتا ہے کسی کی ہمت بھی نہیں کہ اس کوروک سکے، یہ میں گارنٹی دیتا ہوں اور لوگ دیکھیں گے کہ ہمارا کوئی ساتھی نہیں جائے گا۔