اسلام آباد(صباح نیوز) پاکستان تحریکِ انصاف ے منحرف رہنما اکبر ایس بابر نے وزیرِ اعظم کو چیلنج کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خا ن میرے ساتھ لائیو ٹی وی پر بحث کر لیں۔
اسلام آباد میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اکبر ایس بابر نے کہا کہ آپ نے درخواست دائر کی کہ اکبر ایس بابر کو کیس سے الگ کریں۔ ان کا کہنا ہے کہ آج بھی کیس میں آپ نے التوا کی کوشش کی، کیس کو التوا میں ڈالنے کے لیے مختلف بہانے تلاش کیے گئے۔اکبر ایس بابر نے مطالبہ کیا کہ وزیرِ اعظم عمران خان کو استعفیٰ دینا چاہیے، سکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ میں میرے الزامات ثابت ہو گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے سماعت کی اگلی تاریخ 17 مارچ رکھی ہے، ہم غیر ملکی فنڈنگ کیس کی سماعت سے مطمئن ہیں۔پی ٹی آئی کے منحرف رہنما نے کہا کہ اب غیر ملکی فنڈنگ کیس کے فیصلے کا وقت آ گیا، قوم اب مزید انتشار برداشت نہیں کر سکتی، حکومت ملک کو انتشاری کیفیت میں لے گئی ، حکومت وہ کام کرنے جا رہی ہے جس سے خطرات جنم لیں گے۔
اکبر ایس بابر کا وزیرِ اعظم سے مخاطب ہو کر کہا کہ آپ ثبوت نہیں لا سکے کہ میں کسی کے ایما پر یہ سب کر رہا ہوں، عمران خان آپ نے بھارتیوں سے فنڈنگ کیوں وصول کی؟انہوں نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن جلد اس کیس کا فیصلہ سنائے، اس کیس کا فیصلہ ملک کو انتشار سے بچائے گا۔