حکمران پارلیمان کے بجائے سڑکوں کا رخ کر رہے ہیں ،شاہد خاقان عباسی


اسلام آباد(صباح نیوز)سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکمران  پارلیمان کے بجائے سڑکوں کا رخ کر رہے ہیں،جس مائی کے لال میں ہمت ہے وہ اسمبلی جانے سے روک کر دکھا دے ۔

انہوں نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 10 لاکھ لوگ تحریک عدم اعتماد کو نہیں روک پائیں گے،جس مائی کے لال میں ہمت ہے وہ اسمبلی جانے سے روک کر دکھا دے، میرا اوپن چیلنج ہے ۔

انہوں نے کہا کہ  احتساب کا مذاق ملک میں جاری ہے، تحریک عدم اعتماد آئی تو احتساب کے عمل سے ہمارے ممبران پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے، تحریک عدم اعتماد آتے ہی نیب کی جانب سے ہمارے ممبران کو نوٹس موصول ہوئے ہیں، چیئرمین نیب کو آگاہ کر دوں آپ کا کوئی کام نہیں عدم اعتماد میں مداخلت کرنے کا،تحریک عدم اعتماد آنے پر نیب کے ممبران کو نوٹسز کا جواب آپ کو دینا پڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے چند دن باقی ہیں، جب آدمی کے پاس کچھ نہ رہے تو گالی گلوچ پر اتر آتا ہے، وزیراعظم پہلے ہی گالی گلوچ پر اتر آئے،یہ پارلیمان کا رخ کرنے کی بجائے سڑکوں کا رخ کر رہے ہیں،جب آدمی کے پاس کچھ نہ رہے تو وہ گالم گلوچ پر اترآتا ہے،جو حکومت سڑکوں کا رخ کرے وہ پہلے ہی ختم ہوچکی ہوتی ہے۔