تحریک عدم اعتماد سے کوئی پریشانی نہیں،صورتحال اطمینان بخش ہے ، عمران خان


اسلام آباد(صباح نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد سے کوئی پریشانی نہیں،صورتحال اطمینان بخش ہے،اتحادی ہمارے ساتھ ہیں ۔

وزیراعظم کی زیرصدارت پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں قومی اسمبلی کا اجلاس بلائے جانے پر مشاورت مکمل کرلی گئی ور کمیٹی کے اجلاس میں اسد عمر نے اتحادی جماعتوں سے رابطوں اور مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے قانونی نکات پر بریفنگ دی ،صوبائی صدور نے پارٹی کے تنظیمی معاملات سے آگاہ کیا۔  قومی اسمبلی کا اجلاس 21 مارچ کو بلائے جانے اور تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ 29 مارچ کو کرائے جانے کا امکان ہے۔

کور کمیٹی نے عدم اعتماد سے متعلق تمام فیصلوں کا اختیار وزیراعظم کو دے دیا ہے۔ وزیراعظم نے اتحادیوں پر بھرپور اعتماد کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ اتحادی کہیں نہیں جارہے،ہمارے ساتھ ہیں اور ہماری تمام تیاریاں مکمل ہیں،عدم اعتماد سے کوئی پریشانی نہیں،صورتحال اطمینان بخش ہے،مشاورت سے فیصلے کیے جائیں گے، کیسز منطقی انجام تک پہنچنے کے باعث اپوزیشن کو جلدی ہے، کرپٹ ٹولے کو عوام میں بے نقاب کیاجائے گا۔

کور کمیٹی میں اتفاق کیا گیا کہ ڈی چوک پر ملکی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا جب کہ پی ٹی آئی نے جارحانہ پالیسی جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔ کور کمیٹی کے اجلاس  میں فیصلہ کیا گیا کہ ملک بھر میں سیاسی جلسے جاری رکھے جائیں گے جب کہ ملک کے مزید شہروں میں جلسے کیے جائیں گے۔