اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے کہا ہے کہ عمران خان پاکستان کی ضرورت ہے ،ق لیگ پنجاب کے چند اضلاع کی پارٹی ہے ، اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کو بھی ناکام بنا دیں گے ۔
پاکستان اوورسیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ 2018 ء کے الیکشن میں پی ٹی آئی کو پنجاب، خیبر پختونخوا اور سندھ کے شہری علاقوں میں سب سے زیادہ ووٹ ملے، گلگت بلتستان میں بھی سب سے زیادہ ووٹ لینے والی جماعت تحریک انصاف ہے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف خیبر سے کراچی ملک بھر کے پاکستانیوں کی پارٹی ہے جبکہ ق لیگ پنجاب کے چند اضلاع کی پارٹی، مسلم لیگ ن جی ٹی روڈ کی پارٹی اور پیپلز پارٹی اندرون سندھ کی پارٹی ہے۔انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح اور لیاقت علی خان کے بعد تمام ادارے مل کر کام کر رہے ہیں، اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کو بھی ناکام بنا دیں گے،عمران خان پاکستان کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی طرف سے پاکستان کو دباؤ کا شکار کرنے کی کوشش کی جاتی رہی ہے، ملک کو مضبوط رکھنے کے لیے ہمارا متحد ہونا ضروری ہے، ملک میں اندرونی چیلنجز کا سامنا ہے، مشکل حالات میں پاکستانیوں نے مقابلہ کرنا ہے، کامیابی کے لیے ملک کو متحد ہونا ضروری ہے،ملک قربانی سے بنا ہے اس کے لیے مزید قربانیاں دینے کو تیار ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان نے ثابت کر دیا ہے کہ ہم مل کر کسی بھی بھی مشکل کا سامنا کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اوور سیزپاکستانی ملک کا سرمایہ ہیں۔