اسلام آباد(صباح نیوز)متحدہ اپوزیشن نے الیکشن کمیشن سے پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ جلد سنانے کی درخواست جمع کرادی۔
اپوزیشن جماعتوں نے حکومت پر دباؤ بڑھانے کے لیے الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی کے خلاف فارن فنڈنگ کیس کو استعمال کرنے کا فیصلہ ہے۔
اسلام آباد میں اپوزیشن کے وفد نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ سے ملاقات کی۔اپوزیشن کے وفد میں احسن اقبال، مریم اورنگزیب، کامران مرتضی ندیم افضل چن، فیصل کریم کنڈی اور میاں افتخار شامل تھے۔
اس موقع پر متحدہ اپوزیشن نے چیف الیکشن کمشنر کو پی ٹی آئی فارن کے خلاف فارن فنڈنگ کیس سے متعلق تحریری درخواست جمع کرادی۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ سکروٹنی کمیٹی پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کی تحقیقاتی رپورٹ الیکشن کمیشن میں جمع کراچکی ہے۔متحدہ اپوزیشن نے اپنی درخواست میں مزید کہا ہے کہ الیکشن کمیشن پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس فیصلہ فوری سنائے۔
درخواست جمع کرانے کے بعد مسلم لیگ(ن)کے رہنما احسن اقبال نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے دشمن ممالک کے ذرائع سے فنڈز حاصل کئے، قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بینک اکاؤنٹس کھولے گئے، اس حوالے سے الیکشن کمیشن کے پاس تمام شواہد پیش کئے گئے۔ یہ کیس 7 سال سے زیر التوا ہے۔احسن اقبال نے کہا کہ تحریک انصاف کو فرار نہیں ہونے دیں گے۔