عمران خان کی عقل ماؤف ہوچکی،اپنا انجام نظر آرہا ہے،شہباز شریف


لاہور(صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ( ن )کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان سامنے آئیں اور مقابلہ کریں، اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرنا بند کریں، وزیراعظم کو اپنا انجام نظر آ رہا ہے، اس لیے وہ دھمکیوں اور بازاری زبان پر اتر آیا، چور چور کے بیانات وہ دے رہا ہے، جس کا ذہن ماؤف ہو چکا ہے ۔

لاہور میں اسپیشل سنٹرل عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان جہاں جا رہے غلاظت کے ڈھیرجمع کر کے جا رہے ہیں، ان کے غلاظت کے ڈھیر کون صاف کرے گا ؟عمران خان گھٹیا سیاست کر رہے ہیں، خارجہ پالیسی اور نازک معاملات پر غیر محتاط بیانات سے کشمیر کاز کو نقصان ہوگا، نہیں چھوڑوں گا اور چور ڈاکو ایسا شخص کہہ رہا ہے جو خوفزدہ ہے، ایک مہذب شخص ایسی گفتگو نہیں کرتا جو عمران خان کر رہے ہیں۔

شہباز شریف نے کہاکہ عمران خان سامنے آکر مقابلہ کرو، اوچھے ہتھکنڈے مت استعمال کرو، ہم تمہارے فسطائی ہتھکنڈوں کو نہ صرف جانتے ہیں بلکہ اس کا مقابلہ بھی کرتے رہے ہیں، ہم جیلوں میں بھی گئے ہیں اور اب بھی تمہارے ہر اوچھے اقدام کا مل کر مقابلہ کرینگے اور ناکام بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ میں عمران خان کے بیانات نہیں پڑھتا، نہیں چھوڑوں گا اور چور و ڈاکو کی رٹ وہ شخص لگا رہا ہے جس کی عقل ماؤف ہو چکی ہے، عمران خان کو اپنا انجام نظر آ رہا ہے اور وہ خوفزدہ ہو چکا ہے، اس لئے دھمکیوں اور بازاری زبان پر اتر آیا ہے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ عمران نیازی جس طرح کی زبان  استعمال کررہے ہیں انکو زبان پر نہیں لایا جاسکتا، عمران خان جہاں جارہے ہیں گندگی کے ڈھیر چھوڑ کرجارہے ہیں انہیں کون صاف کرے گا، عمران خان سستی اور گھٹیا سیاست کررہے ہیں۔

دوسری جانب حمزہ شہباز نے کہاکہ عمران نیازی نے تقاریر میں اخلاقی اقدار کی دھجیاں اڑائیں، چور اور ڈاکو سن سن کر کان پک گئے ہیں، عمران نیازی خارجہ معاملات پر بھی غیر ذمہ دارانہ گفتگو کرتے ہیں، کیا پاکستان کے تجارتی مفادات دوسرے ممالک سے جڑے ہوئے نہیں ؟وزیراعظم کے بیان پر وزیر خزانہ کو کہنا پڑا ایسی بات نہیں کرنی چاہیے تھی، وزیراعظم کے منہ پر ٹیپ لگا دینی چاہیے، یہ ملکی مفادات کا نقصان کرتے ہیں۔