پیپلزپارٹی کا فیض آباد کے بجائے ڈی چوک پر پڑاؤ ڈالنے کا فیصلہ


اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان پیپلزپارٹی نے فیض آباد کے بجائے ڈی چوک پر پڑؤ ڈالنے کا فیصلہ کر لیا۔ پیپلزپارٹی نے انتظامیہ سے ڈی چوک پر جلسہ کرنے کی اجازت مانگ لی۔

ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی نے خط لکھ کر انتظامیہ سے ڈی چوک پر جلسہ کرنے کی اجازت مانگ لی۔ پیپلزپارٹی کی جانب سے خط چیف کمشنر اسلام آباد کو لکھا گیا۔ جس میں کہا گیا کہ پیپلزپارٹی کا عوامی مارچ 8 مارچ کو اسلام آباد پہنچے گا، 8 مارچ کو ڈی چوک پر جلسہ کرنے کی اجازت دی جائے۔

پیپلزپارٹی نے اس سے قبل فیض آباد کے مقام پر جلسے کے لئے تین دن کی اجازت مانگی تھی۔ انتظامیہ نے تین دن کی بجائے ایک دن جلسہ کرنے کی اجازت دی تھی۔

دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی اور خورشید شاہ کو اسلام آباد پہنچنے کی ہدایت کردی۔

نجی ٹی وی کے مطابق بلاول بھٹو نے یوسف رضا گیلانی اور خورشید شاہ کو ہدایت کی کہ اسلام آباد پہنچیں اور عدم اعتماد کی تیاری کریں۔انہوں نے یہ ہدایت بھی دی کہ وہ دونوں سب دوستوں سے ملاقاتیں کریں۔