سپیکر قومی اسمبلی سے ترکیہ کے سفیر کی ملاقات، پارلیمانی تعاون اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال

اسلام آباد (صباح نیوز)  سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیر اوعلو کی پارلیمنٹ ہاس میں ملاقات ہوئی، ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی تعاون اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ یک جان دو قالب کی مانند ہے، پاکستان اور ترکیہ مذہب، بھائی چارے، تاریخ اور ثقافت کے لازوال رشتوں میں بندے ہوئے ہیں۔

ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان کے عوام ترکیہ سے گہری وابستگی رکھتے ہیں، سپیکر نے ترکیہ میں جمہوریت کے تحفظ کے لیے ترکیہ کے عوام کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ دونوں برادر ممالک علاقائی اور عالمی ایشوز پر یکساں مؤقف رکھتے ہیں۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ دونوں ممالک نے ہمیشہ علاقائی اور عالمی فورمز پر ایک دوسرے کے موقف کی حمایت کی ہے، دونوں ممالک کی پارلیمانوں مابین پارلیمانی سطح پر رابطوں کے فروغ سے دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

ایاز صادق نے کہا کہ قومی اسمبلی میں قائم پاک، ترکیہ پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ دونوں ممالک کے پارلیمانوں میں رابطوں کے فروغ کے لیے فعال کردار ادا کر رہا ہے، پارلیمانی رابطوں میں اضافے سے دونوں ممالک کے اراکین پارلیمنٹ کے مابین ہم آہنگی میں اضافہ ہو گا۔ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیراوعلو نے سپیکر قومی اسمبلی کے تاثرات کو سراہا اور کہا کہ ترکیہ پاکستان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو قدر نگار دیکھتا ہے۔ ڈاکٹر عرفان نذیر اوعلو نے کہا کہ ترکیہ اور پاکستان کے عوام کے مابین محبت، احترام اور اخوت کا رشتہ پایا جاتا ہے۔ پارلیمانی سفارتکاری دونوں برادر ممالک کو مزید قریب لانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔