لاہور(صباح نیوز)وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات اور بجلی سستی کرکے عوام کو حقیقی ریلیف دیا گیا ۔
اپنے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے مہنگائی کے خلاف لانگ مارچ کا اعلان کر کے عوام کے دل جیت لئے ہیں۔
عثمان بزدار نے کہا کہ یہ ہے وہ تبدیلی جو کپتان لا رہا ہے، پٹرول، ڈیزل اور بجلی سستی کرکے عوام کو حقیقی ریلیف دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار پٹرول، ڈیزل اور بجلی کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی کا اعزاز پی ٹی آئی حکومت کو حاصل ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پٹرول، ڈیزل اور بجلی سستی ہونے سے دیگر اشیا ضروریہ بھی سستی ہوں گی، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں عوام کو مزید خوشخبریاں دیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا خطاب عوام کے احساس کا آئینہ دار ہے، وزیر اعظم عمران خان ہی حقیقی عوامی لیڈر ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے عوام کو ریلیف دینے کیلئے عملی اقدام کا اعلان کیا ہے۔