پنجاب کی وزارت اعلیٰ سے کم پر بات نہیں ہوگی،ق لیگ کا اپوزیشن کو جواب


لاہور(صباح نیوز) مسلم لیگ(ق)نے پنجاب کی وزارتِ اعلی مانگتے ہوئے اپوزیشن کو دوٹوک جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزارت اعلیٰ سے کم پر بات نہیں ہوگی ۔ ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی اور(ق)لیگ کی اعلی قیادت کے درمیان رابطہ ہوا جس میں چوہدری برادران نے سابق صدر آصف زرداری کو چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ (ق)لیگ نے اپوزیشن سے پنجاب میں وزارتِ اعلی مانگی ہے اور لیگی قیادت کا دو ٹوک مو قف ہے کہ اس سے کم پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق وزارتِ اعلی ملنے کی صورت میں (ق)لیگ نے پنجاب اور مرکز میں ان ہاؤس تبدیلی کی کامیابی کی ضمانت دینے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

ذرائع کے مطابق (ق) لیگ کا کہناہے کہ مرکز میں مکمل طور پر اپوزیشن کی حمایت کریں گے تاہم (ق)لیگ نے ملک میں فوری نئے انتخابات کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضروری ہو تو قومی اسمبلی کے انتخابات کروادئیے جائیں لیکن صوبائی اسمبلیوں کی مدت پوری ہونی چاہیے۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ آصف زرداری نے(ق)لیگ کی شرائط سے(ن) لیگ کو آگاہ کردیا ہے جس کے بعد لیگی قیادت نے بھی اہم رہنماؤں سے مشاورت شروع کردی ہے۔

واضح رہے کہ حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کے لیے اپوزیشن جماعتوں کی جوڑ توڑ جاری ہے اور اس سلسلے میں حکومتی اتحادیوں سے بھی رابطے کیے جارہے ہیں۔ گزشتہ چند روز کے دوران سیاست کے تین بڑے کھلاڑی شہباز شریف، آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمان کی ملاقاتیں ہوئی ہیں جبکہ ان کی جانب سے حکومتی اتحادیوں سے بھی رابطے کیے گئے ہیں۔