نکاح نامے میں ختم نبوت کا حلف نامہ شامل کرنا بہت ضروری ہے، شادی کے بعد پتہ چلتا ہے دولہا قادیانی نکلا: چودھری پرویزالٰہی


لاہور (صباح نیوز)سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے مرکزی جماعت اہلحدیث پاکستان کے صدر و اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے صدر علامہ زبیر احمد ظہیر نے وفد کے ہمراہ ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور موجودہ سیاسی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفد میں حافظ اکرام الٰہی ظہیر، احسان الٰہی ظہیر اور حافظ معید حسن شامل تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ پنجاب اسمبلی میں قانون سازی اسلامی اصولوں کے مطابق کی جائے، اسی لئے پنجاب اسمبلی کے ایوان نے نکاح نامے میں ختم نبوت کا حلف نامہ شامل کرنے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کئی بار ایسا ہوا ہے کہ شادی کے بعد دولہا قادیانی نکلا اس بات کا پتہ تب چلتا ہے جب بچے کے پیدائشی سرٹیفکیٹ پر نام اور مذہب لکھا جاتا ہے، اس سے پہلے پنجاب اسمبلی قرآن ایکٹ اور ختم نبوت کے حوالے سے متعلق قانون بھی متفقہ طور پر منظور کر چکی ہے، نکاح سے پہلے ہی تما م شکوک و شبہات دور کرنے کیلئے نکاح نامہ میں ختم نبوت کا حلف نامہ بہت ضروری ہے۔

علامہ زبیر احمد ظہیر نے پنجاب اسمبلی کی سٹیٹ آف دی آرٹ بلڈنگ بنانے پر چودھری پرویزالٰہی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں آپ کی سربراہی میں نکاح نامے میں ختم نبوت کا حلف شامل کرنا، اسمبلی بلڈنگ میں ختم نبوت کے حوالے سے قرآنی آیات و احادیث کو مزین کرنا اور قرآنی تعلیم کو نصاب میں شامل کرنا آپ کا بہت بڑا کارنامہ ہے۔

چودھری شجاعت حسین نے مشرف دور میں پاسپورٹ میں مذہب کے خانہ کا اندراج کروایا اسی بنا پر تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام آپ اور آپ کے خاندان کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

قبل ازیں سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے علامہ زبیر احمد ظہیر کی اہلیہ کی وفات پر اظہار تعزیت کیا اور مرحومہ کے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی