ڈیر ہ اسماعیل خان(صباح نیوز) جمعیت علمائے اسلام کے صوبائی صدر خیبر پختونخوا مولانا عطاء الرحمن نے کہا ہے کہ پہلے عمران خان ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے دعوے کر رہے تھے، یہ دعوے جھوٹ کا پلندہ نکلے اور ان کو لانے والے بھی ان سے نالاں ہیں، جے یو آئی اور اپوزیشن کی کوشش ہے کہ موجودہ حکمران جلد سے جلد رخصت ہوں کیونکہ ان کی نااہلی اور ناقص پالیسیوں کی وجہ سے دنیا میں ہمارا امیج خراب ہوا ہے۔
ان خیالات کا اظہار ڈیرہ اسماعیل خان میں جامعہ عثمانیہ مریالی کے سالانہ جلسہ دستار بندی اور بعدازاں ملک منیر احمدایسر کی رہائشگاہ پرمیڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔ اس موقع پرجامعہ عثمانیہ مریالی کے مہتمم قاری عمیر فاروقی و دیگر موجود تھے۔
سینیٹر مولانا عطاء الرحمن نے کہا کہ حکومت کی جانب سے بلدیاتی انتخابات میں حکومتی عہدیداروں کی طرف سے الیکشن مہم میں حصہ لینے کے حکومتی آرڈیننس کو مسترد کرتے ہیں، پارلیمنٹیرینز کو الیکشن میں حصہ نہیں لیا چاہئے کیونکہ اس سے الیکشن شفاف و غیر جانبدارنہیں ہونگے، وزراء الیکشن مہم میں سرکاری وسائل اور فنڈز کا کھلے عام استعمال کریں گے۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں سٹی میئر تحصیل ڈیرہ کی نشست پر ہونیوالے الیکشن میں وفاقی وزیر علی امین گنڈہ پور نے نے لوگوں کے ضمیر خریدنے کی کوشش کی، ایک ایک ووٹ کی بے قدری کی گئی۔ پولنگ سٹیشنوں میں پی ٹی آئی کے لوگ ووٹ خریدتے رہے، ترقیاتی کاموں و فنڈز کے نام پربھی لوگوں کے ضمیر خریدے گئے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت چند دن کی مہمان ہے۔ جمعیت علمائے اسلام ملک میں اسلام کی سربلندی کی بقاء کی جنگ لڑ تی رہے گی اور دینی مدارس اسلام کے قلعے ہیں، موجودہ حکومت یہودی نواز ہے، قوم اس کوکسی صورت برداشت نہیں کرتی۔
خیبر پختونخوا کے بلدیاتی الیکشن میں جے یو آئی کے امیدوار بڑی تعداد میں کامیاب ہوئے ہیں جو عوام کا موجودہ حکمرانوں کی پالیسیوں پر مکمل عدم اعتماد ہے۔