نورالحق قادری کا عورت مارچ پر پابندی سے متعلق خط قابل تشویش ہے، شیری رحمان


  اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پر نورالحق قادری کے عورت مارچ پر پابندی سے متعلق وزیراعظم کو لکھے خط پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

شیری رحمان نے کہا کہ 8 مارچ کو عورت مارچ پر پابندی سے متعلق وزیراعظم کو خط قابل تشویش ہے، وفاقی وزیر مذہبی امور کی طرف سے اس طرح کی بات حیران کن ہے۔انہوں نے کہا کہ 8 مارچ عالمی سطح پر عورتوں کا دن منایا جاتا ہے،آپ نہتی عورتوں کے مارچ پر پابندی لگا کر کیا ثابت کریں گے؟۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں خواتین کو حجاب کا دن منانے پر کسی نے پابندی نہیں لگائی، ایک طرف ہم بھارت کے رویہ کی مذمت کرتے دوسری طرف آپ نہتی خواتین کے عورت مارچ پر پابندی کی باتیں کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ خواتین کا عالمی دن ہر طبقے کی عورت کے نام ہوتا ہے، خواتین کے عالمی دن کا مقصد معاشرے میں عورتوں کے خلاف جینڈر اسٹیریو ٹائپ اور تعصبات کیخلاف شعور بیدار کرنا ہے۔  انہوں نے کہا کہ آپ عورتوں کے عالمی دن پر ہی ان کی آزادی اور حقوق سلب کرنے کی سازشیں کر رہے ہیں۔