بدقسمتی ہے کہ پی ٹی آئی کور کمیٹی نے پارٹی نہ چھوڑنے والوں کو قبول نہیں کیا، ملیکہ بخاری

اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما ملیکہ بخاری نے اپنی پارٹی سے شکوے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بدقسمتی ہے کہ پی ٹی آئی کی کور کمیٹی نے ایسے لوگوں کو قبول نہیں کیا جو پارٹی چھوڑ کر نہیں گئے۔ انہوں نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد کو بھی نشانے پر رکھ لیا اور اس پر لوگوں کا وقار مجروح کرنے اور ان کی جدوجہد کو نقصان پہنچانے کا الزام عائد کردیا۔پی ٹی آئی رہنما ملیکہ بخاری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پی ٹی آئی کی ایک پوسٹ کے جواب میں نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے پریس کانفرنس روم اور اس میں پریس کانفرنس کرنے والوں کے لیے رکھی گئی کرسیوں کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا،

اس پریس کلب اور اس کرسی نے کئی بے گناہ لوگوں کے وقار کو مجروح کیا اور ان کی دہائیوں پر مشتمل جدوجہد کو تباہ کرکے رکھ دیا۔انہوں نے کہا کہ ایسے کئی خوش قسمت لوگ بھی ہیں جنہیں اس کرسی پر بیٹھنے پر مجبور نہیں کیا جاسکا، یہی وجہ ہے کہ انہیں سیاست اور انتخاب کی آزادی حاصل ہوئی۔ملیکہ بخاری کا کہنا تھا کہ یہ بدقسمتی ہے کہ پی ٹی آئی کی کور کمیٹی نے ایسے لوگوں کو قبول کرنے پر آمادگی ظاہر نہیں کی جو پی ٹی آئی کو چھوڑ کر نہیں گئے۔انہوں نے کہا کہ ایسے کئی افراد ہیں جنہیں ویڈیو بیانات دینے اور پریس کانفرنسز کرنے پر پارٹی ٹکٹ دیے گئے، انہیں واپس بھی لیا گیا اور انہیں پارٹی میں اعلی عہدے بھی دیے گئے۔انہوں نے کہا، میں پی ٹی آئی کے کارکنان، پاکستانیوں اور سوشل میڈیا کے جنگجووں کی شکرگزار ہوں جنہوں نے ہمیشہ محبت اور عزت سے نوازا۔