نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات

بنجول  (صباح نیوز)نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے گیمبیا کے شہر بنجول میں منعقدہ 15ویں اسلامی سربراہی اجلاس کے موقع پر اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل حسین برہم طحہ سے ملاقات کی ۔ ملاقات کے دوران نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے 15ویں او آئی سی اسلامی سربراہی اجلاس کے کامیابی سے انعقاد پر سیکرٹری جنرل کو مبارکباد دی،نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے بڑھتے ہوئے اسلامو فوبیا کے بارے میں شدید تشویش کا اظہار کیا، دنیا بھر میں مسلمانوں کے خلاف امتیازی سلوک، تشدد اور اشتعال انگیزی کے واقعات بڑھ رہے ہیں،انہوں نے اسلامو فوبیا کا مقابلہ کرنے کے لیے مشترکہ کارروائی کی ضرورت پر زور دیا، انہوں نے فلسطین کے خلاف اسرائیل کی جارحیت کے تناظر پر زور دیا جس کے نتیجے میں دنیا بھر میں اسلامو فوبیا اور زینو فوبیا کی کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے،

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے سیکرٹری جنرل کو بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال اور وہاں بھارتی سکیورٹی فورسز کی جانب سے طاقت کے بے تحاشا استعمال کے بارے میں آگاہ کیا،کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت میں او آئی سی کے تاریخی کردار کو نوٹ کرتے ہوئے، انہوں نے کشمیر پر او آئی سی کے رابطہ گروپ اور کشمیر کے بارے میں خصوصی ایلچی کے کردار کو سراہااو آئی سی کے سیکرٹری جنرل نے کشمیری عوام کے لیے او آئی سی کی حمایت اور او آئی سی کی مختلف قراردادوں میں ان کے جائز حق خودارادیت کی تصدیق کی،نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے غزہ میں جاری نسل کشی اور وہاں کی سنگین انسانی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا،انہوں نے خطے میں تنازعات میں اضافے پر بھی تشویش کا اظہار کیا،فلسطینیوں کو فوری جنگ بندی اور انسانی امداد کی بلا تعطل فراہمی پر زور دیتے ہوئے سینیٹر ڈار نے پاکستان کے اصولی موقف کا اعادہ کیا،نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے مشرق وسطی میں قیام امن کے لیے او آئی سی کی کوششوں اور اقدامات کو بھی سراہا اور ان اقدامات کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت کا اظہار کیا،ملاقات کے دوران جن دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ان میں دنیا کے مختلف حصوں میں بڑھتی ہوئی انتہا پسندی اور دہشت گردی اور او آئی سی ممالک کو مشترکہ حل تلاش کرنے پر کام کرنے کی ضرورت شامل ہے،