ملتان(صباح نیوز) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومت کا تمام مشکلات کے باوجود ترقی کا بھرپور سفر جاری ہے۔
وہ ایک اجلاس میں گفتگو کررہے تھے، ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی صدارت میں ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک، پارلیمانی سیکرٹری ندیم قریشی، معاون خصوصی جاوید اختر انصاری، چیف وہپ ملک عامر ڈوگر، ایم این اے ابرہیم خان، احمد حسن ڈیہڑ، اراکین اسمبلی قاسم عباس لنگاہ، محمد سلمان نعیم، سلیم اختر لابر، واصف مظہر راں، وسیم خاں بادوزئی، میاں طارق عبداللہ شریک تھے، اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ حکومت کا تمام مشکلات کے باوجود ترقی کا بھرپور سفر جاری ہے،عوام کی سہولت کیلئے انفراسٹرکچر کے منصوبوں کو ترجیح بنایا گیا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے ثمرات ملنے کا آغاز ہوچکا ہے، ٹریفک مسائل کے حل کیلئے ٹیکنکل اداروں سے سروے کرایا جائے گا، قومی تعمیر نو کے محکمے مقررہ وقت میں منصوبے مکمل کریں گے