اسلا م آباد(صباح نیوز)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا کی نااہلی کے بعد خالی ہونے والی سینیٹ کی نشست پر الیکشن کا اعلان کرتے ہوئے 9 مارچ کو انتخاب کے لیے شیڈول جاری کردیا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق سینیٹ کی خالی نشست پر 9 مارچ کو سندھ اسمبلی کی عمارت میں پولنگ ہوگی۔سینیٹ کی خالی نشست کے لیے کاغذات نامزدگی 17 سے 19 فروری تک جمع کرائے جاسکیں گے۔الیکشن کمیشن نے بتایا کہ امیدواروں کی ابتدائی فہرست 21 فروری کو جاری کی جائے گی اور کاغذات نامزدگی کی اسکروٹنی 24 فروری تک کی جائے گی۔
بیان میں کہا گیا کہ امیدواروں کی حتمی فہرست 3 مارچ کو جاری کی جائے گی اور سندھ اسمبلی میں پولنگ 9 مارچ کو صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک ہوگی۔خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے 9 فروری کو دوہری شہریت کیس میں پی ٹی آئی کے سینیٹر اور سابق وزیر برائے آبی وسائل فیصل واڈا کو نا اہل قرار دیا تھا۔
پی ٹی آئی رہنما نے الیکشن کمیشن کے فیصلے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی تھی ،اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے فیصل واڈا کی درخواست پر سماعت اور ان کی درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کردی۔