الخدمت کے تحت کراچی میں باہمت یتیم بچوں کیلئے سیرت النبیۖ کے عنوان سے مقابلے کا اہتمام

کراچی(صباح نیوز)  الخدمت آرفن کیئر پروگرام کے تحت باہمت یتیم بچوں کیلئے سیرت کہانی ،سیرت النبیۖ اور ہماری کردارسازی کے عنوان سے مقابلے کا اہتمام کیا گیا،جس میں بڑی تعدادمیں بچوںنے شرکت کی۔قبل ازیں آرفن کیئر پروگرام کے تحت شہر بھر میں قائم 10کلیسٹرز میں مقابلوں کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں سکڑوں بچوں نے شرکت کی ۔ان بچوں میں سے 85بچوں نے شاندار کامیابی حاصل کی ۔مقابلے میں شریک بچوں میں بہترین نمبرز حاصل کرنے والے بچوں کو کل پاکستان مقابلے میں شرکت کا موقع فراہم کیا جائے گا ۔مقابلے کے اہتمام کا مقصد بچوں میں اسوہ حسنہۖ کا شوق اورجذبہ پروان چڑھانا تھا ۔

مقابلے کے اختتام پر تقریب منعقدکی گئی جس کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر آرفن کیئر پروگرام یوسف محی الدین تھے۔اس موقع پر الخدمت آرفن کیئر پروگرام کے ذمہ داران موجود تھے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یوسف محی الدین نے کہا کہ اسوہ حسنہ پر عمل ہی سے دنیا وآخرت کی کامیابی ممکن ہے ۔اس لیے ہمیں بنی پاک ۖ کی سیرت کو اپنانا ہوگا ۔آپ ۖ کی سنتوں پر عمل کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں عام کرنے کی جدوجہد کر نا ہوگی ۔بنی پاک ۖ پر ایمان لائے بغیر ہم مسلمان نہیں ہو سکتے۔

انہوں نے کہا کہ جھوٹ ،کینہ،بغض اور حسد سے مکمل اجتناب کیا جائے ،یہی اچھے مسلمان کی پہچان ہے ۔انہوں نے کہا کہ دنیا کے امتحانات محض عارضی ہیں ،اصل امتحان آخرت کے امتحان ہیں جس کی تیاری ہمیں اسی دنیا میں کرنا ہوگی ،اس کیلئے نماز قائم کریں ،سنتوں پر عمل کریں اورحقو ق العباد کا خیال رکھیں ۔